گلوکار کے کے کی آخری رسومات ادا

کولکتہ میں ایک پرفارمنس کے فوراً بعد 31 مئی کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہلاک ہوجانے والے بھارتی گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار کے بیٹے نکول نے اپنے والد کی آخری رسومات کی ادائیگی کی۔

موسیقی اور تفریحی صنعت کی مشہور شخصیات شریا گھوشال، سلیم مرچنٹ، الکا، جاوید اختر، راہول ویدیا سمیت دیگر فنکاروں نے گلوکار کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
خیال رہے کہ گلوکار، منگل 31 مئی کو، کولکتہ میں ایک شو سے واپسی کے بعد، نیو مارکیٹ تھانے کے علاقے کے تحت واقع گرینڈ ہوٹل میں گر گئے تھے اور اُنہیں شہر کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کے کے کی پہلی البم ’پل‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں گانوں پر توجہ دی۔
انہوں نے بلاک بسٹر فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا مشہورِ زمانہ گیت ’تڑپ تڑپ کے‘، فلم ’دس‘ کا گیت ’دس بہانے‘، فلم ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ اور فلم ’وہ لمحے‘ کا مشہور گیت ’کیا مجھے پیار ہے‘ بھی گایا ہے، جبکہ فلموں میں ان کے گانوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔

دہلی میں پیدا ہونے والے کے کے لائیو شوز کے دوران اپنی پرفارمنس کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔