عفت عمر نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا

پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ عفت عمر نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

عفت عمر نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں باقاعدہ شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

اُنہوں نے انڈسٹری کو خیر باد کہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ’جس کام پر میں خود تنقید کرتی ہوں اور میں یہ کہتی ہوں کہ ہماری انڈسٹری میں بہت برا کام ہورہا ہے اور پھر میں خود وہی کام کر رہی ہوں تو پھر میری بات وزن نہیں رکھتی۔‘

عفت عمر کے انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ سامنے آنے پر ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ’اگر کوئی اچھی سیاسی فلم بنے تو اس میں آپ کام کریں گی۔‘

اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ کچھ بھی اچھا ہوگا تو وہ کام ضرور کریں گی۔‘

اداکارہ کے اس جواب پر میزبان نے ان سے پوچھاکہ ’ مریم نواز صاحبہ کا کردار اداکرنے کا موقع ملا تو آپ کریں گی؟‘
جس پر عفت عمر نے کہا کہ’ مریم نواز صاحبہ بہت حسین ہیں اور میں ان کے جیسی بالکل بھی نہیں لگتی، ان کا کردار کسی نوجوان اداکارہ کو ادا کرنا چاہیے۔‘

اداکارہ کی اس بات پر میزبان نے کہا کہ’ابھی صباقمر نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ مریم نواز کا کردار ادا کرنا چاہیں گی، اس حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے؟‘

اُنہوں نے اس حوالے سے کہا کہ’ بالکل، صبا قمر، مریم نواز کا کردار بہت اچھا ادا کرسکتی ہیں۔‘

آخر میں میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ’اچھا یہ بتادیں کہ آپ کس سیاستدان کا کردار ادا کرنا پسند کریں گی؟‘

جس پر عفت عمر نے کہا کہ ’اگر کبھی ایسا موقع ملا تو میں بے نظیر بھٹو صاحبہ کا کردار ادا کرنا چاہوں گی۔‘