کیس جیتنے کے بعد جانی ڈیپ کا پہلا بیان

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ اور ان کی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کے کیس کا فیصلہ آنے کے بعد، جانی ڈیپ نے سوشل میڈیا پر پہلی پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے امریکی جیوری کا شکریہ ادا کیا۔

جانی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ ایمبر ہیئرڈ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد راحت کی سانس لی۔ چھ ہفتے طویل مقدمے کی سماعت میں دونوں فریقوں کی جانب سے بہت سے دھماکہ خیز الزامات سامنے آئے۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد جانی نے سوشل میڈیا پر اپنا بیان جاری کیا جس میں اداکار نے بتایا کہ اُنہوں نے لڑائی کیوں شروع کی۔

جانی ڈیپ کا سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان:

جانی ڈیپ نے مقدمہ جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’چھ سال پہلے، میری زندگی، میرے بچوں کی زندگی، میرے قریب ترین لوگوں کی زندگیاں، اور ان لوگوں کی زندگیاں، جنہوں نے کئی سالوں سے میرا ساتھ دیا اور مجھ پر یقین کیا، پلک جھپکتے ہی ہمیشہ کے لیے بدل گئیں۔‘
اداکار نے کہا کہ ’میڈیا کے ذریعے مجھ پر جھوٹے، انتہائی سنگین اور مجرمانہ الزامات لگائے گئے جس سے نفرت انگیز مواد کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا جس سے میری زندگی اور کیریئر پر گہرہ اثر پڑا۔‘

عدالتی فیصلے پر جانی ڈیپ نے کہا کہ ’چھ سال بعد، جیوری نے مجھے میری زندگی واپس دے دی، جس کے لیے میں ان کا بے حد شکرگزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ اس کیس کی پیروی کے دوران مجھے کن مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اس کیس کو عدالت میں لانے کا میرا مقصد ابتداء سے ہی حقیقت کو ظاہر کرنا تھا، چاہے نتیجہ کچھ بھی ہوتا‘۔
جانی ڈیپ نے یہ بھی کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ میرے کیس سے دوسرے مردوں یا عورتوں کو، جنہوں نے خود کو میرے حالات میں پایا ہے، مدد ملی ہوگی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’بہتری ابھی آنا باقی ہے اور آخر کار ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے، سچائی کبھی ختم نہیں ہوتی۔‘

واضح رہے کہ امریکی ریاست ورجینیا کی جیوری نے جانی ڈیپ کیس کا فیصلہ سنادیا جس کے مطابق جانی ڈیپ کو بہت بدنام کرنے پر سابقہ اہلیہ ایمبر ہیئرڈ 15 ملین ڈالر جرمانہ دیں گی جبکہ ایمبر ہیئرڈ پر غلط الزام لگانے پر ڈیپ سابقہ بیوی کو 2 ملین ڈالر دیں گے۔