گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یو ایچ ایس) پروفیسر جاوید اکرم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے بدھ کے روز یو ایچ ایس میں ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔

لاہور،یکم جون : گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یو ایچ ایس) پروفیسر جاوید اکرم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے بدھ کے روز یو ایچ ایس میں ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ پروفیسر جاوید اکرم اولڈ راوین ہیں۔اس سے قبل جی سی یو کے پانچ سابقہ طلبہ کو یہ اعزاز دیا جاچکا ہے


جن میں سید بابر علی، مستنصر حسین تارڑ اور ایس ایم ظفر شامل ہیں۔ اس موقع پر وی سی جی سی یو پروفیسر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ انھیں فخر ہے کہ جاوید اکرم راوین ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس ایوارڈ کیلئے جی سی یو کا بورڈ پہلے ہی منظوری دے چکا ہے۔ اس سے قبل پروفیسر جاوید اکرم نے لیڈر شپ ان ہیلتھ کیئر کے موضوع پر اپنا الوادعی لیکچر دیا۔ جس میں پرنسپلز، سینئر فیکلٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر جاوید اکرم بطوروائس چانسلر اپنی چار سالہ مدت ملازمت پوری کرکے اس سال جولائی میں سبکدوش ہورہے ہیں۔ لیکچر کے آغازسے قبل حاضرین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر پروفیسر جاوید اکرم کو خراج تحسین پیش کیا۔ پروفیسر جاوید اکرم پاکستان کے واحد میڈیکل ڈاکٹر ہیں جن کا ریسرچ امپیکٹ فیکٹر575ہے۔


مزید برآں پروفیسر جاوید اکرم 200سے زائد تحقیقی مقالہ جات اور8کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ ان کے اس الوادعی لیکچر کا اہتمام یو ایچ ایس ایلومنائی ایسوسی ایشن نے کیا۔ پروفیسر جاوید اکرم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ میڈیسن میں لیڈرپیدائشی نہیں ہوتا بلکہ اسے تیار کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سٹیٹس کو کے بندے نہیں بلکہ تبدیلی کے داعی ہیں۔ تقریب کے دوران یو ایچ ایس امیونالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر شاہ جہاں کو گرانٹ ونر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ تقریب میں پروفیسر عارف تجمل، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر مجید چودھری، پروفیسر معروف عزیز، پروفیسر الفرید ظفر، پروفیسر سدرہ سلیم، پروفیسر نادیہ نسیم، پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر متین اظہار، پروفیسر ساجد عبداللہ اور ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے شرکت کی۔
==========================