ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ کی ریلیز کا اعلان

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی نئی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ کی ریلیز کا اعلان کردیا ہے، جس کا مداحوں کو بہت بے صبری سے انتظار ہے۔

اُنہوں نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ انشااللہ، فلم اس عید الضحیٰ پر سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔‘
خیال رہے کہ نبیل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم، قائداعظم زندہ باد کو2021 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن تاخیر کا شکار ہونے کے بعد اب اسے رواں سال عید الضحیٰ پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلمساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ ایک ایکشن کامیڈی ہے۔

اس فلم کی کہانی ایک بدنام پولیس اہلکار کی زندگی پر مبنی ہے، جس کا کردار فہد مصطفیٰ نے ادا کیا ہے اور ان کے ساتھ اسکرین پر اداکارہ ماہرہ خان اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔