پی سی بی کو پاک، ویسٹ انڈیز سیریز ملتان میں کرانے کی تحریری اجازت مل گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز ملتان میں کرانے کی تحریری اجازت مل گئی۔

اجازت ملنے کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز ملتان منتقل کردی گئی ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے، یہ میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

سیریز میں شرکت کے لیے مہمان اسکواڈ 6 جون کو اسلام آباد پہنچے گا، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہیں، جو شام 4 بجے شروع ہوں گے۔

اسلام آباد پہنچنے پر مہمان اسکواڈ بذریعہ چارٹر طیارہ ملتان روانہ ہوگا جبکہ قومی اسکواڈ 5 جون کو ہی ملتان پہنچ جائے گا۔

قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم جون سے 4 جون تک لاہور میں لگایا جائے گا۔