اشنا شاہ ہالی ووڈ میں جنوبی ایشیا کی نمائندگی دیکھ کر خوش

معروف پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے ہالی ووڈ کے نئے پراجیکٹس میں جنوبی ایشیا کے اداکاروں کو مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیے جانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھ کر خوشی کا اظہارکیا ہے۔

اشنا شاہ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پروڈیوسر شونڈا رائمز کی نیٹ فلکس سیریز ’برجرٹن‘کے اہم کرداروں میں جنوبی ایشیا کے اداکاروں کو کاسٹ کرنے پر تعریف کی ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’برجرٹن نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ​​میں جنوبی ایشیاکے اداکاروں کے لیے بہت زیادہ جگہ بنائی ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ’خدا شونڈا رائمز کو سلامت رکھے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’بالآخر، ناصرف مخصوص کرداروں میں بلکہ اہم کرداروں میں نظر آنا حیرت انگیز بات ہے۔‘

خیال رہے کہ شونڈلینڈ کی حمایت یافتہ سیریز ’برجرٹن‘ کے دوسرے سیزن میں کیٹ شرما اور ایڈوینا شرما نامی دو بہنوں کے کرداروں کو متعارف کروایا گیا ہے۔

اس سیریز میں بہنوں کے ان کرداروں کو دو جنوبی ایشیائی اداکاراؤں نے کیا ہے۔

ایڈوینا شرما کا کردار اداکارہ چارتھرا چندرن نے ادا کیا ہے، اور کیٹ شرما کا کردار اداکارہ سیمون ایشلے نے ادا کیا ہے۔