عمران خان کا حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم


جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 6روز میں الیکشن کا اعلان نہ کیا تو ساری قوم کو لے کر اسلام آباد آؤں گا، عمران خان نے حکومت کو 6 روز کا الٹی میٹم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لانگ مارچ کے شرکاء سے جناح ایونیو پر خطاب کر رہے ہیں۔


جناح ایونیو اسلام آباد پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 گھنٹوں میں کنٹینر پر پشاور سے یہاں پہنچا ہوں، راستے میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔


عمران خان نے کہا کہ کیا جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 3 لوگوں کو کراچی میں شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خوف دلایا جاتا ہے کہ بھیک نہ مانگی اور قرضے نہ ملے تو ملک نہیں چلے گا، قوم کسی صورت امریکی سارش کے تحت امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔


واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں’حقیقی آزادی‘ لانگ مارچ قافلے کی صورت میں اسلام آباد میں رواں دواں ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ روز قافلے کے ہمراہ صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا اور تقریباً 7گھنٹے قبل اسلام آباد میں داخل ہونے والا قافلہ جمعرات کو صبح سویرے ایچ نائن پہنچ گیا اوراب ڈی چوک کی جانب گامزن ہے۔


اس سے قبل عمران خان نے حسن ابدال میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ عوام کا سمندر لے کر ڈی چوک آرہے ہیں، میرے ساتھ عوام کا سمندر ڈی چوک آ رہا ہے ، حکومت جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دےگی وہاں سےنہیں جائیں گے
https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-05-26/news-3144600.html

================================