کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم’جوائےلینڈ‘ کی بھرپور پذیرائی

75ویں کانز فلم فیسٹیول میں اتوار کو نمائش کے لیے پیش کی گئی پاکستانی فیچر فلم’جوائے لینڈ‘ کو فیسٹیول میں بھرپور پذیرائی ملی۔

فلم’جوائے لینڈ‘فیسٹیول میں موجود شرکاء کو اتنی پسند آئی کے سب نے فلم کی کاسٹ کو کھڑے ہوکر داد دی۔

جبکہ فلم کی اسکریننگ کے موقع پر فلم کے ہدایت کار صائم صادق، پروڈیوسر زاپرووا چرن، سرمد کھوسٹ اور لورن مین، کاسٹنگ ڈائریکٹر ثنا جعفری سمیت فلم کی پوری کاسٹ نے ریڈ کارپٹ پر بھی جلوے بکھیرے۔

فلم کی کاسٹ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ٹرانس اداکارہ علینہ خان، سینئر اداکارہ ثانیہ سعید،ثروت گیلانی، رستی فاروق اور علی جونیجو شامل ہیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر کانز فلم فیسٹیول میں فلم ’جوائے لینڈ‘ کو ملنے والی اس بھرپور پذیرائی کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم کوبھرپور پذیرائی ملنا ملک و قوم کے لیے فخریہ لمحہ ہے۔

واضح رہے کہ فیسٹیول کی فیچر فلموں کی کیٹیگری میں صرف 14 فلموں کی محدود تعداد ہوتی ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی پاکستانی فلم نے اس کیٹیگری میں جگہ بنائی ہے۔