ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے شعبہ صحافت اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی خدمات کا اعتراف کرنے اور انہیں ایوارڈز دینے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن تھے

حیدرآباد (نمائندہ خصوصی) ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے شعبہ صحافت اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی خدمات کا اعتراف کرنے اور انہیں ایوارڈز دینے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن تھے جبکہ صدارت کے فرائض صوفی یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروین منشی نے انجام دئیے۔


جبکہ دیگر مہمان خاص میں میونسپل کمشنر حیدرآباد بلدیہ فاخر شاکر ، حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے صدر عدیل صدیقی، حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے صدر الطاف میمن و دیگر شامل تھے۔جبکہ اس پروقار تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ کراچی سے بھی نامور اور سینئیر صحافیوں نے بھی شرکت کی جن میں مختیار عاقل، ابرار بختیار، غازی صلاح الدین ، صابر علی تھے۔

ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے شعبہ صحافت میں شاندار خدمات سر انجام دینے والے ایک سو سے زائد صحافیوں ،کیمرہ مینز،فوٹوگرافرز کو ڈیجیٹل میڈیا ایوارڈز تقسیم کئے گئے، جبکہ اس موقع پر سماجی رہنماؤں کی شاندار خدمات پر انہیں سندھی اجرک کے تحائف بھی پیش کئے گئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن نے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر ڈیجیٹل میڈیا کے سرپرست اعلیٰ برکات رضوی، چیئرمین رؤف چانڈیو،صدر ظاہر شاہ،جنرل سیکرٹری راحت کاظمی،سینئر نائب صدر اسلم دیسوالی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش


کرتے ہوئے کہا کہ صحافی حضرات اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر ہر ماحول ہر موسم ہر مصیبت میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں جس پر انھیں جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔ کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ صحافیوں کی بدولت ہی ہم آج اپنے گھروں اور دفتروں میں بیٹھے بیٹھے پوری دنیا کے حالات سے واقف ہوتے ہیں، ورنہ ایک دور وہ تھا جب لوگ ایک ہی شہر کے حالات و واقعات سے بے خبر ہوتے تھے۔ کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ اس لئے اس شعبے سے وابستہ تمام صحافیوں اور بیک ڈور کام کرنے والے افراد کی صلاحیتوں کا نہ صرف ہر سطح پر اعتراف کیا جائے بلکہ انہیں جائز حقوق بھی دئیے جائیں۔مہمان خصوصی کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن نے صحافیوں خصوصاً ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن حیدرآباد کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی بھی کروائی۔ صدر تقریب صوفی یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروین منشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہمیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن نے صحافیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اتنی بڑی تعداد میں انہیں ایوارڈز دے کر ان صحافیوں کی حوصلہ

افزائی کی، صدر تقریب نے کہا کہ صحافیوں کی خدمات کا اعتراف دیگر اداروں اور ہر ہر سطح پر کیا جانا چاہئے۔ اور ہمارے اداروں کو چاہئے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں۔ تقریب سے میونسپل کمشنر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد فاخر شاکر نے کہا کہ آج کی یہ تقریب ہمارے صحافی بھائیوں کے لئے منعقد کر کے ڈیجیٹل میڈیا نے نہ صرف اپنے صحافیوں بلکہ ہمارے بھی دل جیت لئے ہیں،کیوں کہ اچھا کام کرنے والوں کی ہر ادارے میں حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے صدر عدیل صدیقی نے کہا کہ صحافتی شعبہ ریاست کا ایک اہم ترین سپوت ہے، اس دور جدید میں ڈیجیٹل میڈیا سے کی خدمات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے صدر الطاف میمن نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کی پوری ٹیم آج کی اس پروقار تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین کی مستحق ہے کیوں کہ جب کوئی کسی بھی شعبے میں کام کرنے والوں کی اس قدر بہترین طریقے سے خدمات کا اعتراف کرتا ہے تو وہ بھی قابل تعریف ہوتے ہیں جنھوں نے ایسی تقریبات کا انعقاد کیا ہوتا ہے


، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ڈویژن کے صحافیوں کی خدمات قابل تعریف ہیں ۔ ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سید برکات رضوی نے کہا کہ آج کی اس تقریب کے انعقاد کا مقصد میڈیا اور سوشل میڈیا پر کام کرنے والے ہمارے صحافی بھائیوں کی خدمات کا اعتراف اور انہیں ایوارڈز دینا ہے۔ چیئرمین رؤف چانڈیو نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کی جانب سے صحافیوں کو ایوارڈز دینے کی آج یہ پہلی اور منفرد تقریب ہے

جس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ڈیجیٹل میڈیا کے صدر ظاہر شاہ نے کہا کہ آج کی اس شاندار تقریب کو دیکھ کر میں دیگر صحافتی تنظیموں اور اداروں سے بھی درخواست کروں گا کہ صحافیوں کی خدمات کو ہر پلیٹ فارم پر سراہنے کے لئے ایسی تقریبات کا انعقاد کریں تاکہ صحافیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ جنرل سیکرٹری راحت کاظمی نے کہا کہ صحافی ہمارے معاشرے کا اہم ستون ہے اس لئے جس طرح دیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کی سرکاری اور عوامی سطح پر پذیرائی کی جاتی ہے


اسی طرح شعبہ صحافت سے وابستہ تمام افراد کی خدمات کا بھی ہر سطح پر اعتراف کیا جائے۔ راحت کاظمی نے کہا کہ حکومت سمیت ہمارے دیگر اداروں کو بھی چاہئے کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے خاتمے اور انہیں جائز حقوق دینے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ سینئیر نائب صدر اسلم دیسوالی نے کہا کہ ہم نے آج میڈیا اور سوشل میڈیا میں خدمات سر انجام دینے والے صحافیوں کو ایوارڈز دینے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ آئندہ بھی رہے گا اور اس کے علاؤہ بھی ہم مختلف پروگرامز کے ذریعے صحافیوں کی خدمات جاری رکھیں گے جبکہ اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمن ، وائس چانسلر صوفی یونیورسٹی پروین منشی ،


چیئرمین ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن سید برکات رضوی اور دیگر نے سینئیر صحافیوں عبدالحفیظ عابد، جی این مغل، نیاز پنہور، قاسم ہالیپوٹو، ناصر شیخ، امجد اسلام، راحت کاظمی،روف چانڈیو،عارف انصاری،عرفان ارائیں،ظہیر میرانی، خلیل احمد، علی قریشی، عبدالرزاق سہریو

سمیت ایک سو سے زائد صحافیوں کیمرہ مینز فوٹو گرافرز کو ایوارڈز تقسیم کئے۔ قبل ازیں ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن حیدرآباد کی جانب سے مہمانوں کو اجرک کے تحائف بھی پیش کئے گئے تھے۔
================================