دیپیکا کے ہار پر ’فی امان اللّہ‘ لکھا تھا؟

بالی ووڈ کی صفِ اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے ’کانز فیسٹیول‘ میں اپنے اسٹائلش لباس اور منفرد ہار پہننے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث ہیں۔

دیپیکا پڈوکون ایک کے بعد ایک شاندار انداز کے ساتھ ’کانز فیسٹیول‘ کے ریڈ کارپٹ پر راج کر رہی ہیں۔

سُپر اسٹار دیپیکا پڈوکون کانز فلم فیسٹیول کے 75ویں ایڈیشن میں ناصرف شریک تھیں بلکہ اس باوقار فیسٹیول میں آٹھ رکنی جیوری کا باضابطہ حصہ تھیں۔

دیپیکا نے اپنے لباس پر کی گئی تنقیدوں اور تعریفوں کے درمیان، جس چیز نے سب کی توجہ اداکارہ کی طرف مبذول کرائی، وہ ڈیزائنر کی طرف سے اُن کا انتہائی خوبصورت ’مہارانی‘ ہار تھا جس پر ’فی امان اللّہ‘ کے الفاظ درج تھے۔

اس خوبصورت ہار کی تیاری میں ہرے، نیلے، سفید اور گلابی رنگ کے ہیروں کا استعمال کیا گیا جبکہ ہار کے کئی پتھروں میں سے ایک پر عربی زبان میں لکھا ہوا تھا ’فی امان اللّہ‘، جس کا ترجمہ ’اللّہ کی حفاظت میں‘ ہے۔
سوشل میڈیا پر دیپیکا کے اس خوبصورت ہار کو عربی الفاظ کی وجہ سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے ’کانز فیسٹیول‘ میں پاکستان کی طرف سے ثانیہ سعید اور ثروت گیلانی شرکت کررہی ہیں جبکہ رواں ماہ 17 مئی سے شروع ہونے والا یہ فلمی میلہ 28 مئی تک جاری رہے گا۔