اسکردو، کوہ پیما علی رضا سدپارہ کا آپریشن آج کیا جائے گا

پاکستان کے معروف کوہ پیما علی رضا سدپارہ کا آج اسکردو میں آپریشن کیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز کوہ پیمائی کے دوران پہاڑ سے گر کر زخمی ہوئےتھے۔

55 سالہ علی رضا سدپارہ کی حادثے میں ریڑھ کی ہڈی شدید متاثر ہوئی اور پسلیاں ٹوٹ گئی ہیں۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کوہ پیما کے علاج کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی رضا سدپارہ کے کارناموں پر قوم کو فخر ہے۔

علی رضا سدپارہ کا شمار پاکستان کے معروف کوہ پیماؤں میں ہوتا ہے وہ ملک میں موجود 8 ہزار سے بلند پانچ چوٹیوں میں سے 4 کو متعدد بار سر کرنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

علی رضا سدپارہ اس سال کے ٹو سمٹ کا ارادہ رکھتے تھے اور اس کی تیاریوں کے لیے ہی منگل کی صبح گلگت کے پہاڑوں میں پریکٹس کررہے تھے کہ پیر پھسلنے کی وجہ سے کھائی میں جاگرے تھے۔