پُراسرار دھاتی گیندیں آسمان سے آگریں، لوگ خوفزدہ

بھارت میں پراسرار دھاتی گیندوں آسمان سے گرنے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بھارتی میدیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات کے علاقے بھالج، کھمبھولاج اور رام پور میں رہائشیوں کو آسمان سے گرنے والی عجیب و غریب دھاتی گیندیں ملیں۔

پراسرار دھاتی گیندوں کو دیکھ کر گاؤں والے حیران و پریشان ہوگئے۔
آسمان سے دھاتی گیندیں گرتے ہی مقامی رہائشی زور دار آواز سن کر ممکنہ زلزلے کے خوف سے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم باہر آتے ہی انہوں نے ان گیندوں کو دیکھا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے مقامی پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے تحقیقات شروع کرنے کے لیے فرانزک سائنس لیبارٹری کے ماہرین کی مدد لی۔

اطلاعات کے مطابق پہلی بڑی سیاہ دھات گیند جو تقریباً 5 کلو وزنی گھنٹی کی طرح دکھائی دیتی تھی، تقریباً دوپہر 4:45 بجے بھالج میں گری اس کے بعد کھمبولاج اور رام پورہ میں بھی اسی طرح کے واقعات پیش آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آسمان سے دھاتی گیندیں گرنے کے واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم نہیں ہے کہ یہ کس قسم کا خلائی ملبہ ہے لیکن گاؤں والوں کے مطابق یہ آسمان سے گرا ہے۔

پولیس بھی یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ممکنہ طور یہ پر کیا چیز ہو سکتی ہے؟ تاہم اس بات کا فیصلہ فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ کے بعد ہی ہوگا۔