ٹیلی پیتھی ماسٹر شہیر خان : پہلا پاکستانی نوجوان جس نے سب کو حیران کردیا

ٹیلی پیتھی اس علم کا نام ہے جس کے ذریعے دو انسان بغیر کسی مادی وسیلے کے ایک دوسرے کے ذہنوں سے رابطہ کرسکتے ہیں چاہے وہ ایک دوسرے سے کتنے ہی دور کیوں نہ ہوں۔

کسی کا ذہن پڑھنا ان خاص صلاحیتوں میں سے ایک ہے جو ہر کسی کو حاصل نہیں ہوتیں، لیکن ہماری یہ خواہش رہتی ہے کہ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ سامنے والے کے ذہن میں کیا چل رہا ہے؟

ایسا ہی ایک پاکستانی نوجوان شہیر خان بھی ہے جسے ٹیلی پیتھی پر اتنا عبور حاصل ہے کہ دیکھنے والے اس کا عمل دیکھنے کے بعد حیرتوں کے سمندر میں غوطہ زن ہوجاتے ہیں۔
ٹیلی پیتھی ماسٹر کے نام سے اپنی پہچان بنانے والا نوجوان شہیر خان پاکستان کے پہلا مائنڈ ریڈر ہے، جس نے سوشل میڈیا پر طوفان مچا رکھا ہے۔

شہیر خان نے ٹیلی پیتھی کا علم باقاعدہ کسی سے نہیں سیکھا لیکن 16 سال سے اپنی انتھک محنت اور لگن سے معاشرے میں اپنا علیحدہ مقام بنایا ہے۔
اس نوجوان نے زیادہ تر علم کتابوں کے مطالعے سے حاصل کیا ہے، اس کا کہنا ہے کہ ٹیلی پیتھی ایک فاصلے سے کسی کو محسوس کرنے کا فن ہے اور میں جس تکنیک پر عمل کرتا ہوں اسے “ٹیکابو” کہا جاتا ہے۔
شہیر کا کہنا ہے کہ میں اپنا علم دیگر نوجوانوں کو بھی سکھانا چاہتا ہوں اس مقصد کیلئے انہوں نے ایک آن لائن مائنڈ ریڈنگ کورس “ٹیکابو ٹیلی پیتھی” متعارف کرایا ہے اس کے علاوہ وہ ہر جمعہ کو اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر براہ راست ٹیلی پیتھی سیشنز بھی کرتے ہیں @Shaheerknows۔

اس کے علاوہ ایک سوشل ایپ پر شہیر کے مداح لائیو کال کے ذریعے ان سے مختلف مشورے لیتے ہیں اور اپنے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات پوچھتے ہیں۔
شہیر خان نے اس بات کو واضح طور پر کہا ہے کہ وہ مستقبل کی پیش گوئی یا قسمت کا حال بتانے کا دعویٰ ہرگز نہیں کرتے بلکہ صرف اس خیال کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جو ان کا علم ان کو بتاتا ہے۔
شہیرخان کی شہرت صرف ان کے سوشل میڈیا فالوورز تک ہی محدود نہیں ہے وہ ملک کے مختلف ٹی وی چینلز پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں، انہوں نے اپنے لائیو ٹی وی شوز کے دوران بہت سی مشہور شخصیات کو بھی حیران کیا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کی رمضان ٹرانسمیشن “شانِ رمضان” میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جہاں انہوں نے میزبان وسیم بادامی اور اقرار الحسن کو حیرت زدہ کردیا تھا۔