صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور سعید غنی کا کراچی بندر گاہ پر چین سے پہنچنے والی بسوں کا معائنہ


کراچی (عدنان سید )صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کراچی بندر گاہ پہنچ گئے, صوبائی وزیر محنت سعید غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے چین سے پہنچنے والی بسوں کا معائنہ کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ سب سے پہلے کراچی کے تمام رہنے والے بہنوں، بھائیوں، بزرگوں طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سندھ حکومت کے اقدام کے بعد کراچی میں بسوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی پہلی فلیٹ پہنچ گئی ہے صوبائی وزیرنے کہا کہ

پروجیکٹ کے تحت پہلے فیز میں 240 بسیں آنی تھیں 49 پہنچ چکی ہیں۔ آئندہ ہفتے مزید بسیں آئیں گی، بسوں کا مکمل فلیٹ 20 جون تک کراچی پہنچ جائے گا شرجیل میمن نے کہا کہ عبدالستار ایدھی (اورینج لائن) کی بھی مکمل فلیٹ آچکی ہے، جس میں 20 بسیں ہیں پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس جلد شروع کر دی جائے گی جبکہ اورینج لائن کا ٹریک جیسے ہی مکمل ہوگا ، اس کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔ شرجیل میمن

نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے جا رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سابقہ وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس شاہ کی خصوصی کاوشوں سے یہ سب ممکن ہوا ہے۔ یہ سلسلہ یہاں رکے گا نہیں، بسوں کی تعداد ہزاروں میں بڑھائیں گے۔ شرجیل میمن

نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو اچھی اور بہترین ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو گی۔ اور یہ کراچی تک سلسلہ محدود نہیں، سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی میگا اسکیمیں لائی جا رہی ہیں چند سالوں میں سندھ میں ٹرانسپورٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بن جائے گا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سعید غنی وزیر محنت نے کہا کہ

سب سے پہلے کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کافی عرصہ سے یہ منصوبہ طوالت کا شکار تھا، اللہ کا شکر ہے کہ بسیں کراچی بندر گاہ پر پہنچ گئی ہیں۔ بہت جلد شہر کی سڑکوں پر نظر آئیں گی ۔ صوبائی وزیر محنت نے کہا کہ کراچی کے شہری ان بسوں کو اپنی ملکیت سمجھیں، جیسے اپنے اثاثوں کا خیال رکھتے ہیں، ان بسوں کا بھی خیال رکھیں تاکہ بسوں کو بہتر طریقے سے مینٹین رکھا جا سکے

===================================