پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دیا ہے


/لاڑکانہ:. محمد عاشق پٹھان سے —— پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دیا ہے۔ اپنے ردعمل میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کے ہاتھوں ایک آئینی عمل کے ذریعے اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکا ہے اور اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، جن میں سزا سے بچنے کے لئے وہ قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔


صدر آصف زرداری نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں عمران نیازی تمام حدیں پار کرتا ہوا جس نہج پر جا رہا ہے وہ ملک کو ایک مرتبہ پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلوانے کے علاوہ عمران خود جلسوں میں جھوٹ پر مبنی سازشی بیانیے کے ذریعے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرسی کی خاطر نفرت پھیلا کر نہ صرف پاکستان کا نقصان کر رہا ہے بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کر رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ عمران کی انہی حرکتوں کی وجہ سے پچھلے پونے چار سال میں ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب گیا۔ اس نے اداروں کو بدنام کرنے اور ان میں نفاق ڈالنے کے لئے جو مہم چلائی ہے وہ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے اور اس کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی اس کی ذمہ داری ہے لہذا اسے سیاست میں گھسیٹنے اور متنازع بنانے کی کوشش ملک سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد باؤلے پن کا شکار ہوکر عمران نہ صرف فوج کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے بلکہ وہ آئین کو پامال کرنے پر بھی تلا ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دوسروں کو غداری کے طعنے دینے والا عمران نیازی خود میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی ناکام کوشش میں لگا ہے جس کا خمیازہ اسے خود بھگتنا ہوگا۔
=======================