عید اور وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی عوامی خدمت کا عزم


میری بات۔۔۔مدثر قدیر

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنے درست کہا ہے کہ میری پوری کوشش ہے کہ میں عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں لاؤں اوراللہ تعالیٰ کو راضی کروں،یہ سب میں اللہ کی مخلوق کی خدمت کے لئے کررہاہوں او رکرتا رہوں گا،انھو ں نے جس دن وزارت اعلی کا حلف لیااسی دن ہی سے عوامی خدمت اور لوگوں کی مشکلات کم کرنے کا عزم اٹھایااور اپنا پہلا سرکاری دورہ پسماندہ علاقو ں کا کیا ان کی سوچ مثبت نوعیت کی ہے اسی لیے ان کے نزدیک ملک کے مسائل کاحل اتفاق، برداشت،باہمی مشاورت اوررواداری پر چلنے میں ہے اورتمام سیاسی جماعتوں کو ملک کا سوچنا چاہیے-وہ کہتے ہیں سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے دور میں پاکستان کا گروتھ ریٹ 5.8فیصد تھا-لوگوں کو روز گار مل رہا تھا اور سی پیک چل رہا تھا تاہم عمران نیازی کے دور میں سی پیک سست روی کا شکا رہوا اور معیشت زمین بوس ہوئی-ان لوگوں نے اس قوم کے بچوں کو ایک کروڑ کی نوکریوں کا جھانسہ دے کر سہانے خواب دکھائے تھے، 50لاکھ گھروں کا جھانسہ دے کر غریبوں کے جھونپڑے گرادئیے،کسی کے جذبات سے کھیلنا اورکسی کو جھوٹی امید دلاناجرم ہے۔میں اورمیری ٹیم لوگوں کے دکھوں کو محسوس کر کے درد دل سے آگے بڑھے گی کیونکہ ہم نے 12کڑور لوگوں کی ذمہ داری کا حلف اٹھایا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ نمازعید الفطر ادا کرنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے جاتی عمرہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز سے بھی ملاقات کی اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا قوم نے پاکستان کی74 سالہ تاریخ میں ایسے بدترین معاشی حالات کبھی نہیں دیکھے۔مہنگائی نے لوگوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔نوجوان بیروزگار ہو کر ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ عمران نیازی کے پچھلے دور میں عوام سے جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا۔ پاکستان میں آج اپنے بچوں کو نئے کپڑے پہنانے کیلئے ماں باپ کے پاس پیسے نہیں۔غریب کے بچوں نے عید کے دن بھی پھٹے پرانے کپڑے پہنے ہیں اور آج بھی ان کے گھر سویاں تو دور کی بات فاقہ ہے، کھانے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے کہ میں آپ سب سے یہ درخواست کروں گا اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں منائیں لیکن یہ بھی مصمم ارادہ کریں کہ جن لوگوں کے پاس وسائل نہیں انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ہم نے ایسے کام کرنے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ راضی ہو۔اپنے خطاب میں انھوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ پورے شہر میں کمیٹیاں بنائیں گے تاکہ غریب آدمی کو مقر ر ہ نرخ پر اشیاء ملیں۔آپ نے اس کے اوپر پہرہ دینا ہے، اس لئے نہیں کہ ووٹ ملیں بلکہ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ راضی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سال بدترین گند شہر لاہور میں دیکھا،جب شہباز شریف نے حکومت چھوڑی تو صبح سویرے سڑکوں پر صفائی کیلئے مشینیں ہوتی تھیں۔اندرون شہرچنگ چی پر صفائیاں ہوتی تھیں جبکہ آج لاہور میں ہر طرف گند ہے۔ انشاء اللہ ہم آپ کی دعاؤں سے ہم صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں ہم دن رات محنت کریں گے، اللہ سے رہنمائی مانگیں گے،عوام کی خدمت کریں گے۔ دلوں کے حال اللہ جانتا ہے، جب نیت صاف ہوتی ہے تو اللہ راستے آسان کر دیتا ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اپنے خطاب کے آخر میں ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے لگوائے۔
جاتی عمرہ میں ورکرز سے ملاقات کے بعد وزیر اعلی حمزہ شہباز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کے ہمراہ دارلشفقت ملتان روڈ پہنچنے اور بچوں سے گھل مل گئے ان سے ہاتھ ملایا ان میں عیدی اور گفٹس تقسیم کیے ان بچوں کے خیالات سنے ان سے مکالمہ کیااور اس موقع پر انھوں نے کہا کہ قیامت کے روز اللہ تعالیٰ ان کیلئے آسانیاں کرے گا جو یتیموں کے کام آئیں گے۔ مسکین کو کھانا کھلانا اور یتیموں کے سر پر دست شفقت رکھنا اجر عظیم ہے۔آج میں آپ کو عید کی خوشیو ں میں شریک کرنے آیا ہوں۔آپ قوم کے بچے ہیں اور دعا ہے کہ آپ زندگی میں کامیاب انسان بنیں۔ میں آج قوم کے ان بچوں کے ساتھ مضبوط رشتہ بنا کر جا رہا ہوں اور یہ رشتہ نبھانے کی پوری کوشش کروں گا اور یہ کوئی سیاسی بات نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا ایک وسیلہ ہے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ ہمارے معاشرے کو احساس اور برداشت کے اصولوں پر چلنے کی ضرورت ہے۔جس معاشرے میں احساس نہ ہو وہ بے حس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے حقوق کے ساتھ حقوق العباد کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔پاکستان کی معیشت کی گاڑی چلے گی تو سیاست بھی چلے گی، اس کیلئے ہمیں اپنی انا کو پیچھے رکھ کر پارلیمنٹ کے اندر، پارلیمنٹ کے باہر تگ ودو کرنی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی سے کوئی انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ لے گا،ہمارے کسی اقدام سے انتقام کی بو نہیں آئے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی نے پہلے بھی 126دن کاتماشہ لگایا اور چین کے صدر کے دورے کو دھرنے کی نذر کیا اورملک کانقصان کیا۔اس نے آتے ہی کہاکہ سی پیک کے منصوبوں میں کرپشن ہوئی ہے،چائنہ جیسادوست جس نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا کوناراض کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ تماشے نہیں ہونے چاہئیں۔


وزیر اعلی پنجاب نے دارلشفقت کے بعد چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا جہاں پر انھیں میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر محمد سلیم نے ویلکم کیا اور انھیں ایمرجنسی کا دورہ کرایا جہاں پر وزیراعلیٰ نے مریض بچوں کیلئے فراہم کی جانے والی طبی سہولتو ں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچوں کے والدین سے بات چیت کی اور طبی سہولتو ں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچانا ہے اور انہیں معیاری علاج معالجہ مہیا کرنا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب میں ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ہر صورت خوب سے خوب تر بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عید سے ایک روز قبل وزیر اعلی آفس میں محکمہ صحت سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں انھوں نے ہسپتالوں میں عام آدمی کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا ہسپتالوں میں عام آدمی کے لئے علاج معالجے کے ساتھ دیگر سہولتوں کی فراہمی کو کم سے کم عرصے میں مکمل کیاجائے،ہسپتالوں میں عام آدمی کو پورا احترام ملنا چاہیے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے جامع پلان مرتب کیا جائے تا کہ مریضوں کو مفت ادویات کی دستیابی میں دشواری کا سامنا نہ کرنے پڑے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ہسپتالوں میں ٹیکنیکل کیڈر کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ اس ضمن میں قواعد و ضو ابط کے مطابق فی الفور ضروری اقدامات کئے جائیں -انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں خراب آلات و مشینری کو فنکشنل کرنے کے لئے ٹائم لائن کے ساتھ پلان مرتب کیا جائے اوروزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں ہیلتھ کارڈ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں اور ہیومن ریسورس کو باقاعدہ چیک کیا جائے اور اس ضمن میں باقاعدگی سے رپورٹ مرتب کی جائے- اجلاس میں عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیاجس سے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی عوام دوستی اورصوبے کے 12کڑور عوام کے حقوق کی پاسداری کے عزم کا پتہ چلتا ہے۔

================================================