ایشیا کپ ہاکی 2022 کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت ایک ہی پُول میں

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 2022 کا شیڈول جاری کردیا گیا، ٹورنامنٹ 23 مئی سے انڈونیشیا کے شہر جکارتا کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت ایک ہی پُول میں شامل ہیں۔

ایشین ہاکی فیڈریشن نے انڈونیشیا کے شہر جکارتا میں 23 مئی سے یکم جون تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ ہاکی کے میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو دو پُول میں تقسیم کیا گیا ہے، پُول ’اے‘ میں بھارت، جاپان، پاکستان اور انڈونیشیا جبکہ پُول ’بی‘ میں ملائیشیا، کوریا، عمان اور بنگلادیش شامل ہیں۔

پاکستان پہلا میچ دفاعی چیمپین بھارت کے خلاف 23 مئی کو کھیلے گا، جبکہ اس کا دوسرا میچ 24 مئی کو انڈونیشیا اور تیسرا میچ 26 مئی کو جاپان کے خلاف ہوگا۔

دونوں پُولز کی دو دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور کے لیے کوالیفائی کریں گے جن کے درمیان میچز 28، 29 اور 31 مئی کو ہوں گے جبکہ سپرفور کی دو ٹاپ ٹیمیں یکم جون کو فائنل کھیلیں گی۔

ایشیا کپ بھارت میں شیڈولڈ ورلڈ کپ کوالیفائر ہے جس کی ٹاپ فور ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

اگر بھارت ایشیا کپ کے فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا تو ایونٹ کی پانچویں ٹیم بھی ورلڈکپ کھیلنے کی اہل ہوگی کیونکہ بھارت بحیثیت میزبان ورلڈکپ میں شرکت کرے گا۔