صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم میں ایک ساتھ 50 ہزار اساتذہ کی مکمل میرٹ پر بھرتی سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم میں ایک ساتھ 50 ہزار اساتذہ کی مکمل میرٹ پر بھرتی سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ ایسا ملک کی تاریخ میں نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کسی بھی صوبے میں اس طرح ایک ساتھ 50 ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔ صوبہ سندھ میں 2008 سے اب تک پیپلز پارٹی کی حکومت میں جتنے بھی اساتذہ بھرتی ہوئے ہیں ان میں اکثریت میرٹ پر بھرتی ہوئے ہیں۔پارٹی کی اعلیٰ قیادت بالخصوص بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات تھی کہ اساتذہ کی بھرتی میں کسی قسم کی کسی کی کوئی مداخلت نہیں ہونی چاہیے اور یہ تمام اساتذہ مکمل میرٹ پر بھرتی ہونے چاہیے ان تمام کی قیادت کی گائیڈ لائن اور ان کے محکمہ تعلیم کے پست پر ہونے کے باعث ہی ہم یہ تاریخی کام سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی میں جمشید ٹاؤن کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس 288مرد و خواتین پرائمری اور سیکنڈری اساتذہ میں ملازمتوں کے تقررنامہ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سندھ اکبر لغاری، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ اقبال ساندھ، پی ایس ایف کراچی کے صدر مدنی رضا و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام خواتین اور مرد اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہیں آج آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد اساتذہ کی بھرتی کے تقررنامے دئیے جارہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ایک ساتھ 50 ہزار اساتذہ کی مکمل میرٹ پر بھرتی سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ ایسا ملک کی تاریخ میں نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کسی بھی صوبے میں اس طرح ایک ساتھ 50 ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج تھا، جس کو موجودہ وزیر تعلیم سید سردار شاہ، ماضی میں میں نے خود اس کے علاوہ موجودہ سیکرٹری تعلیم اکبر لغاری، سابقہ سیکرٹریز ناریجو اور خالد حیدر شاہ ان سب کی کاوشوں سے یہ ممکن ہوسکا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس تمام میں اگر پیپلز پارٹی کی قیادت کا ذکر نہ کیا جائے


تو یہ ناانصافی ہوگی کیونکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت بالخصوص بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات تھی کہ اساتذہ کی بھرتی میں کسی قسم کی کسی کی کوئی مداخلت نہیں ہونی چاہیے اور یہ تمام اساتذہ مکمل میرٹ پر بھرتی ہونے چاہیے۔ سعید غنی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر پارٹی کی قیادت کی گائیڈ لائن اور ان کے محکمہ تعلیم کے پست پر ہونے کے باعث ہی ہم یہ تاریخی کام سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ پورے ملک میں تعلیم میں مسائل ہیں اور یہ ریاست اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مسائل کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک میں تمام بچوں کو ایک معیاری مفت تعلیم فراہم کرے، لیکن یہ ممکن اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک ہمارے پاس معیاری اساتذہ نہ ہوں، سرکاری اسکولوں میں ایسا موحول نہ ہو جہاں والدین اپنے بچوں کو بلا کسی خوف و خطر بھیج سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اسکولز ہوں لیکن اساتذہ نہ ہوں یا اساتذہ کو پڑھانا نہ آتا ہو تو ہم کتنا ہی پیسہ کیوں نہ خرچ کرلیں اور کتنی ہی کوشش کیوں نہ کرلیں ہم بچوں


کی بنیادی تعلیم فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری نہیں کرسکتے۔ سعید غنی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں 2008 سے اب تک پیپلز پارٹی کی حکومت میں جتنے بھی اساتذہ بھرتی ہوئے ہیں ان میں اکثریت میرٹ پر بھرتی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بھرتیوں میں حکومت اور محکمہ تعلیم کی کوشش تھی وہ مکمل صاف و شفاف اور میرٹ پر اساتذہ کو بھرتی کرنا تھی اور اب بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار جو 50 ہزار پی ایس ٹی اور جی ایس ٹی اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں وہ 100 فیصد میرٹ پر اور آئی بی اے سکھر سے ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد بھرتی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ہم نوکریوں کا بٹوارہ کرتے ہیں، اس کے لئے یہ مثال ہی کافی ہے کہ ایک ساتھ 50 ہزار نوکریاں ہم مکمل میرٹ پر اور یوسی کے تحت دے رہے ہیں اور اس میں آئی بی اے سکھر کا بھی اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ ہم ایسے اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کریں جو اسی علاقہ کی یوسی کا رہائشی ہو تاکہ وہ اپنے ہی علاقے میں بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرسکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے


سعید غنی نے کہا کہ ہم نے صوبے میں ملازمیوں کو صاف و شفاف اور میرٹ پر دینے کے منشور کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں نوکریاں مقامی لوگوں کو مقامی یوسی کی سطح پر فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو وعدے بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی نے اس صوبے کے عوام کے ساتھ کئے ہیں ہم اس کو پورا کررہے ہیں۔ انہوں نے تقررنامہ حاصل کرنے والے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اللہ تعالیٰ نے یہ موقع دیا ہے کہ آپ کو نوکری ملی اور اس کی تنخواہ بھی ملے گی لیکن اساتذہ کی نوکری صرف نوکری نہیں بلکہ یہ ثواب کا کام بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنی ذمہ داری پوری کریں گے تو اس کو ایمانداری اور دیانتداری سے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے تو اس کا اجر بھی


اللہ تعالیٰ کے یہاں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن بچوں کو آپ اپنا بچہ سمجھ کر پڑھائیں تو اس کے اثرات اس شہر، صوبے اور ملک پر ترقی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی این ای ڈی یونیورسٹی میں جمشید ٹاؤن کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ میں ملازمتوں کے تقررنامہ دینے کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔

===================================