شکارپور میں تھیلیسیمیا سینٹر کے لئے فنڈز کے اجراء سے مستحق مریضوں کو معیاری علاج کی سہولتیں مہیا ہونگی۔ امتیاز شیخ۔

صوبے میں علاج معالجے کی بہتر سہولیات کے لئے سندھ حکومت نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔
امتیاز شیخ۔


کراچی 15 اپریل 2022ء
وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ سے آج ان کے دفتر میں افضال میموریل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن (AMTF) کے وفد نے اپنے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر عاصم قدوائی کے ہمراہ ملاقات کی۔


اس موقع پر وفد کے اراکین نے شکار پور میں اے ایم ٹی ایف تھیلیسیمیا سینٹر کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز اجراء کی منظوری پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی جانب سے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے ایم ٹی ایف فاؤنڈیشن نے شکار پور میں تھیلیسیمیا کے مستحق مریضوں کو مفت اور مکمل علاج کی فراہمی کا عزم کیا ہے اور فاؤنڈیشن اس ضمن میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیر صحت محترمہ عذرا پیچوہو اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کے خصوصی تعاون کے شکر گذار ہیں۔


اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ شکار پور میں تھیلیسیمیا سینٹر کا قیام وہاں کے مریضوں کی اشد ضرورت تھا اور اس ضمن میں سندھ حکومت نجی شعبے کے نامور طبی اداروں کے ساتھ تعاون کرکے مستحق مریضوں کو مفت علاج فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور اے ایم ٹی ایف فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شکار پور میں ایس آئی یو ٹی کے ساتھ مل کر گردوں، جگر اور دیگر متعلقہ امراض کے علاج کے لئے ایس آئی یو ٹی کی برانچ بھی قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے ڈاکٹر ادیب رضوی صاحب سے کئی میٹنگز ہوچکی ہیں اور انشااللہ یہ منصوبہ بھی جلد روبہ عمل ہوگا۔


امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے نجی شعبے کو ساتھ ملا کر کام کرنا چاہتی ہے تاکہ سرکاری شعبے پر دباؤ کم ہو اور نجی شعبے کے نامور اداروں کی خدمات بھی مستحق مریضوں کو مہیا کی جاسکیں۔

===============================================