ہم نے ایک عظیم لیڈر کو کھو دیا ہے، صنم جنگ

پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان صنم جنگ نے بھی عمران خان کی حمایت کردی۔

صنم جنگ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جو کہ مریم نواز کے ایک ٹوئٹ کے بارے میں ہے۔

اس ٹوئٹ میں مریم نواز نے پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’پاکستان کا ایک ڈراؤنا خواب ختم ہوا‘۔

اس ٹوئٹ پر صنم جنگ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ان کے خیال سے پاکستان کے ڈراؤنے خواب کا ابھی آغاز ہوا ہے‘۔
اُنہوں نے ایک اور انسٹا اسٹوری پر ایک اور پوسٹ شیئر کی، جس میں سینیٹر فیصل جاوید خان کو پارلیمنٹ میں عمران خان کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

صنم جنگ نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ہم نے ایک عظیم لیڈر کو کھو دیا!‘
واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ عمران خان اب وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں رہے۔

پینل آف چیئر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ آئے اور یہ کثرت رائے کے ساتھ منظور ہوئی۔