عروج آفتاب کے گریمی ایوارڈ جیتنے پر ماہرہ خان کا ردِ عمل

پاکستانی اسٹار ماہرہ خان نے پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز میں ’بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس‘ کا ایوارڈ جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ماہرہ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکارہ عروج آفتاب کے گریمی ایوارڈ جیتنے پر اپنا ردِ عمل دیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’اُنہیں عروج آفتاب پر بہت فخر ہے‘۔
اُنہوں نے عروج آفتاب کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’اسی طرح وطن کا نام روشن کرتی رہیں‘۔

یاد رہے کہ پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کو دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا، یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی پاکستانی گلوکارہ کو 2 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا۔

عروج آفتاب کو بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس اور بیسٹ نیو آرٹسٹ کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔
حیران کن طور پر اس بار لیڈی گاگا اور ٹیلر سوئفٹ جیسی گلوکارائیں زیادہ نامزدگیاں حاصل نہیں کر سکی تھیں۔

عروج آفتاب 37 سالہ پاکستانی گلوکارہ ہیں، جن کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی لیکن والدین کے ساتھ وطن آ کر لاہور سے اپنی موسیقی کا آغاز کیا، اور امریکا کے برکلے کالج آف میوزک سے تعلیم حاصل کی ۔

اب تک ان کی تین سولو البم آچکی ہیں، عروج کو بچپن سے کلاسِک موسیقی، غزل اور قوالی سے لگاؤ رہا ہے، وہ گلوکاری کے علاوہ موسیقار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔