جیت سے اعتماد میں اضافہ ہوا، بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا، ایسی جیت سے اعتماد میں اضافہ اور فائدہ ہوتا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پلان کے مطابق کھیلا، جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، ریکارڈ ساز ہدف کے تعاقب سے جو مومنٹم ملا برقرار رکھیں گے، ہمیں کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بولنگ میں رنز زیادہ دیئے، بولرز اچھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں پارٹنر شپس کا فائدہ ہوا، وکٹیں ہاتھ میں ہوں تو اعتماد ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے میچ میں امام الحق سے یہی بات ہوتی رہی کہ دیر تک کھیلنا ہے، اس جیت سے یقین بڑھے گا، ہم کسی بھی صورتحال میں ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کبھی اونچ نیچ ہوجاتی ہے، آج ٹیم غیر معمولی کھیلی، آسٹریلیا کو بھی کریڈٹ دینا چاہئے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد آسٹریلیا کو دوسرے میچ میں ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے، سیریز کا فیصلہ کُن میچ 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔