دورے سے امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ نے وزیراعظم عمران خان کی روشن خیالی کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دورے سے امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے کیونکہ آج امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور توانائی کے امور کے بارے میں بات کررہاہے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کے چند برسوں کے دوران پاکستان دنیا میں تنہاتھا تاہم حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شاہ محمودقریشی نے کہاکہ امریکہ فوج کے استعمال کے بجائے افغان مسئلے کا سیاسی حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نے بھی افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیاہے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کاخواہاں ہے انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کی بحالی پاکستان کے لئے فائدہ مند ہوگی کیونکہ پُرامن افغانستان خطے سمیت پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔
[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=we9Cr2qXHxo[/embedyt]
وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران امریکہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ صدرڈونلڈٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی پر رضامندی کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنابیانیہ پیش کرنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوا اور اپنے ناپاک عزائم میں بری طرح ناکام ہوا۔