آج تک کوئی گھر کیوں نہیں خریدا، انوپم کھیر کا انکشاف

بھارتی سینئر اداکار انوپم کھیر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک کامیاب اداکار ہونے کے باوجود اُنہوں نے آج تک اپنا ذاتی گھر کیوں نہیں خریدا۔

انوپم کھیر بھارتی شوبز انڈسٹری کے ایک ورسٹائل اداکار ہیں جو متعدد فلموں میں اہم ترین کردار ادا کر چکے ہیں، اُنہوں نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران اس راز سے پردہ اٹھایا ہے کہ پیسے کی ریل پیل ہونے کے باوجود اُنہوں نے آج تک اپنا ذاتی گھر کیوں نہیں خریدا ہے۔

اداکار انو پم کھیر کا بتانا ہے کہ ’وہ کامیاب اداکار ہونے باوجود کرائے کے گھر میں رہتے ہیں، انہوں نے آج تک صرف ایک گھر خریدا ہے جو اُنہوں نے اپنی والدہ کو بطور تحفہ دے دیا تھا۔‘

انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ ’وہ کئی برسوں سے ممبئی میں کرائے کے گھر میں رہ رہے ہیں۔‘

انوپم کھیر کا مزید بتانا تھا کہ ’اُن کا ممبئی میں گھر تو دور کی بات ایک فلیٹ تک نہیں ہے، انہوں نے آج سے کئی سال قبل فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنی ذاتی جائیداد نہیں چاہتے، انہوں نے بس ایک گھر اپنی والدہ کے لیے شملہ میں خریدا تھا۔‘

انو پم کھیر کا بتانا ہے کہ اُن کی والدہ کو بڑے گھر نہیں پسند، اُن کی والدہ نے ایک گھر کے کمروں کی تعریف کی تھی، اُنہوں نے اپنی والدہ کو 9 کمروں پر مشتمل وہ گھر بطور تحفہ خرید کر دیا تھا جس پراُن کی والدہ کا ڈانتے ہوئے کہنا تھا کہ ’آپ کا دماغ خراب ہو گیا ہے، مجھے نہیں چاہیے اتنا بڑا گھر۔‘

انوپم کھیر کا اپنی اداکاری کے آغاز اور جد و جہد کے دور سے متعلق کہنا تھا کہ ’جب وہ 1981 میں صرف 37 روپے لے کر ممبئی آئے تھے تو ریلوے اسٹیشن پر سویا کرتے تھے مگر اُنہوں نے یہ بات کبھی اپنی والدہ کو نہیں بتائی اور جب اُن کی والدہ گاؤں میں بیمار ہوا کرتی تھیں تو وہ بھی اُن سے اپنی بیماری چھپاتی تھیں، اُن کی والدہ نے اُن کا بہت ساتھ دیا ہے ۔‘