وِل اسمتھ نے جذباتی ہو کر معافی مانگ لی

امریکی اداکار وِل اسمتھ نے آسکر ایوارڈ 2022ء کی لائیو تقریب کے دوران بیوی کا مذاق اُڑانے پر امریکی کامیڈین کرس راک کو مکا مارنے پر معافی مانگ لی۔

ایوارڈ جیتنے کے فوراً بعد اپنی جذباتی تقریر میں روتے ہوئے ول اسمتھ نے براہ راست کرس راک سے نہیں لیکن دل آزاری کا سبب بننے والوں سے معافی مانگی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں اکیڈمی سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ میں اپنے تمام ساتھی نامزد امیدواروں سے معذرت چاہتا ہوں، یہ ایک خوبصورت لمحہ ہے اور میں ایوارڈ جیتنے کی خوشی کے مارے رو رہا ہوں۔‘

وِ اسمتھ نے کہا کہ ’میں ایوارڈ جیتنے کے بعد پاگل باپ کی طرح لگ رہا ہوں، جیسا کہ کہا جاتا ہےکہ محبت آپ کو دیوانہ بنا دے گی اور مجھے اپنے فن سے بے پناہ محبت ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ہم ایک ایسے پیشے سے وابستہ ہیں جہاں لوگ آپ کو بُرا بھلے کہیں گے اور پھر آپ کو ایسا دکھاوا کرنا پڑے گا جیسے سب ٹھیک ہے۔‘

یاد رہے کہ آسکر 2022ء کے سلسلے میں ہونے والی کل 94ویں تقریب میں ول اسمتھ کو فلم ’کنگ‘ رچرڈ میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اہلیہ کا مذاق اُڑائے جانے پر وِل اسمتھ کا کرس راک کو مُکا
آسکر ایوارڈ کے سلسلے میں جاری لائیو شو کے دوران کامیڈین کرس راک کی جانب سے میزبانی اور شرکاء کو ہنسانے کا سیشن جاری تھا، اس دوران کرس راک نے شرکاء کو ہنسانے کی غرض سے بہترین اداکار نامزد ہونے والے اداکار ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کو مذاق کا نشانہ بنایا۔
کرس راک کا جاڈا پنکٹ کے بالوں کی کٹنگ کا مذاق اور ایک فلم کے سیکوئل میں کام کرنے سے متعلق تجویز دی گئی، اس مذاق پر آسکر ایوارڈ کے ہال میں ایک دم خاموشی چھا گئی اور سب ہی اس مذاق پر حیران ہو گئے۔

اپنی اہلیہ کا نام آنے پر ول اسمتھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سیخ پا ہو گئے۔

ول اسمتھ اپنی کرسی سے اُٹھ کر اسٹیج پر جا پہنچے اور کرس راک کو مکا دے مارا، اسٹیج سے واپس آتے ہوئے ول اسمتھ کا کرس راک پر چلّاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میری بیوی کا نام اپنے منہ پر مت لاؤ۔‘

واضح رہے کہ ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ بالوں کی بیماری ’ایلو پیشیا‘ کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔