جی سی ٹی اور ایس اے ایف کا مشترکہ طور پرسندھ میں موجود 10ہزار ناخواندہ بچوں کو ایک سال میں اسکول میں داخلے کا عزم۔

کراچی (۔۔۔) شاہد آفریدی فاونڈیشن (ایس اے ایف) اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ(جی سی ٹی)نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ایک سال میں مشترکہ طورپر کام کرکے سندھ میں موجود مزید 10ہزار ناخواندہ بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ یہ اعلان دونوں غیر منافع بخش اداروں کے مشترکہ فنڈ ریزنگ ڈنر کے موقع پر کیا گیا جس کا انعقاد گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا، دونوں فلاحی ادارے پچھلے چار سال سے اکھٹے کام کررہے ہیں اور کراچی کے مضافات میں آٹھ رفاعی اسکول مل کر چلارہے ہیں،جہاں غریب طبقات کے تین ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔


دونوں غیر منافع بخش ادارے اپنے مشترکہ طورپر چلائے جانے والے رفاعی اسکول کی تعداد میں اضافے کے خواہاں ہیں، تاکہ ناخواندہ بچوں کی تعداد میں اضافے کو روکا جاسکے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی سی ٹی کے سربراہ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اداروں کے تازہ سروے کے مطابق پاکستان میں 22ملین سے زائد بچے ناخواندہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آسٹریلیا جیسے ملک کی کل آبادی جتنی بچوں کی تعداد اسکولوں میں داخلے سے محروم ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کے فلاحی ادارے نے مستند ترین اعداد و شمار اکھٹے کیے جس سے پتہ چلا کہ پاکستان کے تعلیم کے شعبے پر کل اخراجات ملک کے دفاعی بجٹ سے زیادہ نہیں، ان کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومتیں اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مل ملاکر ملک کے دفاعی بجٹ سے زیادہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 300ارب سے زائد تعلیم کے شعبے پر سالانہ اخراجات کے باوجود پاکستان میں ناخواندہ بچوں کا مسئلہ بڑھتا ہی چلاجارہاہے، اور حکومتیں اس حوالے سے بے بس ہیں۔
جی سی ٹی کے ٹرسٹی سعد ضیا نے بتایا کہ ان کے رفاعی ادارے کا سفر 28برس قبل کراچی کے مضافات سے شروع ہوا، جب کچھ ہم خیال کاروباری افراد نے ایک متروکہ اسکول بلڈنگ کو حاصل کیا تاکہ وہاں تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی سی ٹی کے کل ملاکر اب 155فلاحی اسکول سندھ کے کونے کونے میں موجود ہیں، جہاں 29ہزار غریب طبقات کے بچے زیر تعلیم ہیں۔
اے ایس ایف کے چیف آپریٹنگ آفسیر رضوان احمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی شاہد آفریدی نے 2014میں فلاحی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کا غیر منافع بخش ادارہ، صحت، تعلیم کی بنیادی سہولیات اور ایمرجنسی ریلیف کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے، انھوں نے کہا کہ ایس اے ایف کے پورے ملک میں کل 14رفاعی اسکول ہیں جہاں 4ہزار سے زائد غریب طبقات کے بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں، ایس اے ایف کے صاف پانی پراجیکٹس 90دیہات میں 25ہزار خاندانوں کو فا ئدء پہنچا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے خلاف لگنے والے لاک ڈاون کے دوران شاہد آفریدی نے ملک کے طول و عرض خاص طور پر بلوچستان گئے اور اپنے ہاتھ سے غریب طبقات میں راشن تقسیم کیا۔ان کا کہناتھا کہ شاہد آفریدی بذات خود تقریب میں شریک ہونا چاہ رہے تھے، لیکن صحت کی خرابی کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا جس پر وہ ذاتی طور پر معذرت خواہ ہیں۔
تقریب میں نظامت کے فرائض مایہ ناز اداکار عدنان صدیقی نے انجام دیئے اور کہا کہ وہ جی سی ٹی اور ایس اے ایف کے تعلیم کے شعبے میں کام کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،اور ایسے مستند فلاحی اداروں کی مدد کے لیے ہرممکن تعاون کرتے ہیں۔تقریب کے شرکا کو دونوں فلاحی اداروں کے رفاعی کاموں کے حوالے سے مختصر دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، دستاویزی فلم کا تعلق محراب پور کے گاوں سے تعلق رکھنے والے دانش غفور سے۔تھا، جس نے بطور ایک یتیم طالب علم جی سی ٹی کے ایک اسکول سے تعلیم حاصل کی اور ایک کامیاب بزنس مین کے طور پر مویشیوں کے کاروبار سے منسلک ہے، شرکا ء کو بتایا گیا کہ جی سی ٹی کے اسکولوں میں 1950سے زائد یتیم بچے بھی زیر تعلیم ہیں جو تعلیم مکمل کرکے ایسے ہی کامیاب انداز میں عملی زندگی میں قدم رکھیں گے۔


Caption
گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر زاہد سعید،معروف اداکار عدنان صدیقی اور جی سی ٹی کے ڈونررئیس محمد ارشاد گرین کریسنٹ ٹرسٹ اور شاہد آفریدی فاونڈیشن کے مشترکہ فنڈریزنگ پروگرام کے موقع پر۔

=================================