پاک آسٹریلیا سیریز: ون ڈے اور T20 میچز کی میزبانی لاہور کے سپرد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ آسٹریلیا نے متفقہ طور پر پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی لاہور کے سپرد کردی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں بورڈز نے مشاورت کے بعد 19 مارچ کی صبح فیصلہ کیا،29،31 مارچ اور 2 اپریل کو تین ون ڈے میچز قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے، ون ڈے میچز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجےشروع ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق 5 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا، ٹی ٹوئنٹی میچ مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔

مہمان ٹیم کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 مارچ کو لاہور پہنچیں گے، ایک روزہ روم آئسولیشن کے بعد اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔
قومی وائٹ بال کھلاڑی 22 مارچ کو اکٹھے ہوں گے اور انہیں 25 مارچ سے ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق وائٹ بال سیریز کےلیے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان چند روز میں کردیا جائےگا۔