طیارے کے خفیہ خانوں میں چُھپ کر نوجوان فرانس پہنچ گیا

روشن مستقبل کی اُمید میں الجیرین نوجوان طیارے کے خفیہ خانوں میں چھپ کر فرانس پہنچ گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں ایک نوجوان کو طیارے کے خفیہ خانوں میں چُھپا ہوا دیکھا جاسکتا ہے اور وہ نوجوان شدید خوف و ہراس میں عملے کے ارکان کے سوالات کے جوابات دے رہا ہے۔

نوجوان نے اپنی جان کی پرواہ نہ کیے بغیر طیارے کے خفیہ خانوں میں چُھپ کر الجزائر سے فرانس کا سفر کیا جبکہ عملے کو طیارے کی لینڈنگ کے بعد نوجوان کی موجودگی کا علم ہوا۔

طیارے کے عملے نے نوجوان کو پولیس کے حوالے کردیا جو اُسے الجزائر ڈی پورٹ کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد الجزائر میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جوکہ نوجوان کے طیارے کے خفیہ خانوں میں سفر کرنے کی تحقیقات کرے گی۔