زرداری لیگ کا سندھ میں آخری اقتدار ہے، 2023 میں تحریک انصاف اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر سندھ میں حکومت بنائے گی۔

جیکب آباد:رپورٹ ايم ڈى عمرانى۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ زرداری لیگ کا سندھ میں آخری اقتدار ہے، 2023 میں تحریک انصاف اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر سندھ میں حکومت بنائے گی۔ جیکب آباد میں وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ میں لوگوں نے ہمارے”حقوق سندھ مارچ“ کا بھرپور انداز میں خیرمقدم کیا ہے، کراچی ملک کا بڑا شہر ہے وہاں بلاول کے جلسے میں کتنے لوگ تھے یہ بتایا جائے ہماری مقبولیت دیکھ کر پیپلز پارٹی والے خوفزدہ ہوکر کہہ رہے ہیں کہ ہمارے مارچ میں لوگ نہیں یہ ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ زرداری لیگ اب بس ڈیڑھ سال تک اقتدار کا مزہ لیں اس کے بعد انہیں اقتدار نہیں ملے گا، سندھ حکومت سندھ کے عوام کو صحت کارڈ کیوں نہیں دے رہی ملک میں جہاں بھی صحت کارڈ آیا ہے وہاں صوبائی حکومتوں نے پیسہ دیا ہے سندھ میں کیوں نہیں دیا جارہا تھرپارکر میں وفاق نے صحت کارڈ جاری کئے ہیں انشاء اللہ 2023 میں حکومت بناکر سندھ کے لوگوں کوبھی صحت کارڈ جاری کئے گے۔ انہوں نے کہا کہ جیب کتروں کو تو سزا دی جاتی ہے لیکن سندھ کے بڑے بڑے ڈاکو جو سندھ کو کھا گئے ہیں ان کو ضمانت پر ضمانت مل رہی ہے اور وہ عیاشیاں کررہے ہیں، شہباز شریف کی نیب اور عدالتوں میں پیشیاں ہورہی ہیں اور عوام دیکھ رہی ہے کہ 25 ہزار تنخواہ والے منظور چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے ساڑھے تین ارب روپے نکل رہے ہیں لیکن انہیں سزا نہیں دی جارہی اس لیے عوام میں غم و غصہ کی لہر ہے کہ ان کے خلاف کیوں کاروائی نہیں ہورہی، اسد عمر نے کہا ہے کہ زرداری لیگ نے بھٹو کے مقبرے کو بیچ بیچ کر پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی جائیدادیں بنائی ہے جبکہ سندھ کا عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے یہاں تک کہ لاڑکانہ کے حالت انتہائی خراب ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے اب بھی سب سے زیادہ تنقید عمران خان پر کی جاتی ہے ہم میڈیا کی آزادی کے قائل ہیں لیکن سوشل میڈیا کی وجہ سے ہمارے گھروں میں موجود ہماری مائیں بہنیں غیر محفوظ ہیں اس لیے ایسا نظام ہونا چاہئے کہ جھوٹ اور کسی کی عزتوں پر حملہ کرنے والوں کو سزا ملے، عدالت نے پیکا آرڈیننس کو مکمل رد نہیں اس میں تبدیلی کا مشورہ دیا ہے جو بہتر عمل ہے، انہوں نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہے۔