گورنر سندھ سے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے چیئرمین کی وفد کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں ملاقات

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (TCP)کے چیئرمین ڈاکٹرریاض احمد میمن نے وفد کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر ریاض احمد میمن کی گورنرسندھ کو ٹی سی پی کی جانب سے سیڈ بال ٹیکنالوجی کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان کی بلین ٹری مہم کو چلانے پر بریفنگ دی۔ چیئرمین ٹی سی پی نے شجر کاری مہم کو بھرپور طور پر کامیاب بنانے کے لئے سیڈ بال ٹیکنک کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ گورنر سندھ نے کہاکہ گرین لائن بس منصوبے کے اطراف میں سیڈ بال کے استعمال سے پودے لگائے جائیں گے اور اس ٹیکنک کے ذریعے جلد یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے جہاں پر موسمی تغیرات کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، ملک بھر میں پودے لگانا ہی ایک واحد راستہ ہے جس سے ہم موسمی تبدیلی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پودے لگانے کی مہم سے ماحول خوشگوار ہوگا اور آلودگی میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔ ٹی سی پی چیئرمین ڈاکٹرریاض احمد میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ سیڈ بال ٹیکنک کو دنیا کے کئی ممالک میں استعمال کرکے بھرپور فائدہ اٹھایا جارہا ہے، فائدہ اٹھانے والے ممالک میں جاپان، کوریا، امریکہ، کینیا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیڈ بال کے ذریعے برسات کے موسم میں بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں،



اس شجر کاری مہم میں فیڈرل گورنمنٹ کلائمیٹ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، گورنمنٹ آف سندھ، کے ایم سی اور یونیورسٹیز مدد فراہم کرسکتے ہیں جبکہ شجر کاری مہم میں این جی اوز کی شمولیت سے نجی نرسریاں بنانے میں بھی مدد لی جاسکتی ہے۔ چیئرمین ٹی سی پی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ سیڈ بال کیونکہ آسانی سے بنائی جاسکتی ہے اس لئے اس کو بنانے کے لئے اسکول، کالجز کے طلباءو طالبات، مختلف کمیونٹیز اور این جی اوز کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں، جبکہ اسکول ، کالجز، گورنمنٹ اسٹاف اور منتخب نمائندگان میں سیڈ ٹیکنالوجی کے بارے میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں ٹی سی پی نے مہم کی تشہیر کے لئے ویب پیج کی تخلیق، سوشل میڈیا، پوسٹرز ، بینرز کے علاوہ ٹی وی چینلز کے ذریعے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔