جسمانی طور پر معذوری کا شکار افراد ہمارے معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں۔ عمران اسماعیل 

 گورنر سندھ نے مالی معاونت کے50 لاکھ روپے کا چیک امیگوز ویلفیئر ٹرسٹ کو دیا

کراچی (فروری25) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جسمانی طور پر معذوری کا شکار افراد ہمارے معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان کی حوصلہ افزائی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور مدد فراہم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیگوز ویلفیئر ٹرسٹ برائے نابینا افراد کو مالی امداد کے چیک دینے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صوبائی سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، ٹرسٹ کے صدر انور مسیح ، نائب صدر بلال شفیع پٹیل ، خزانچی فیصل عتیق صدیق ، جنرل سیکریٹری انعام الدین ، ایجوکیشن سیکریٹری محترمہ منور انور اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی معذوری کے شکار افراد کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کےلئے معاشرے میں آگاہی بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے اس ضمن میں ٹرسٹ نمایاں کام کررہا ہے اور یہ دوسرے اداروں کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مخیر افراد جسمانی طور پر معذورافراد کی مدد میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر معاشرہ کا کارآمد سہری بن کر اپنی ذمے داریوں کو بھرپور طریقہ سے ادا کرسکیں۔ گورنر سندھ نے ٹرسٹ کی جانب سے پرنٹنگ پریس اور کمپیوٹر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہاجس کے ذریعہ بریل کتب کی چھپائی ممکن ہورہی ہے اور نابینا افراد کو کمپیوٹر کی تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے معذور اور بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے تعاون کی بھی مکمل یقین دہانی کرائی۔ ٹرسٹ کے صدر انور مسیح نے گورنر سندھ کو نابینا افراد کے مسائل اور ٹرسٹ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ٹرسٹ کی آن لائن ڈیجیٹل لائبریری اور ویب سائٹ کے بارے میں بتایا کہ اس سہولت کے ذریعہ نابینا افراد درسی کتب کے ساتھ ساتھ دیگر تعلیمی معلومات کوسننے اور اسے ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں جس سے وہ اپنی معلومات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرسکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ بھیجیں