ایف آئی اے بہاول پور کے افسران کی مبینہ کرپشن اور لوٹ مار کے انکشافات‘ ایف آ ئی اے افسران نے دفتر کو عقوبت خانے میں تبدیل کر لیا

بہاول پور ( محمدعمرفاروق خان )

ایف آئی اے بہاول پور کے افسران کی مبینہ کرپشن اور لوٹ مار کے انکشافات‘ ایف آ ئی اے افسران نے دفتر کو عقوبت خانے میں تبدیل کر لیا‘ پبلک آفس کو عوام کیلئے بند کر کے مبینہ ڈیلز کی جانے لگیں‘ بشیر نامی سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر مارکیٹ میں لوٹ مار کیلئے ٹاؤٹ چھوڑ رکھے ہیں‘ خبر کا موقف لینے کیلئے جانیوالے صحافیوں کو دھکے‘ ایف آئی اے بہاول پور کا اخلاقیات سے عاری عملہ شہریوں کو ہراساں کرنے لگا‘ متعدد شعبہ ہائے زندگی سے بھتہ خوری کے انکشافات‘عوام دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور‘ وفاقی محتسب، وزیر اعظم پاکستان اور وزارت داخلہ کے حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق آج صبح 10 بجے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شہر کے ایک معروف تاجر اسلم لودھی کیخلاف سی 24/22 مقدمہ درج کیا جسکی بابت میڈیا ٹیم کے ارکان ایف آئی آر و ملزم کا فوٹو حاصل کرنے کیلئے ایف آئی اے کے دفتر گئے جہاں ایف آئی اے کے سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے میڈیا ارکان کو دھکے دیئے اور کہا کہ ہمارے دفتر میں کوئی فوکل پرسن نہیں ہے جبکہ ملزم سے تفتیش جاری ہے حالانکہ ملزم اسلم لودھی جسکے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مبینہ طور پر 44 کروڑ سے زائد کے فراڈ میں ملوث ہے کیساتھ مبینہ طور پر ڈیل کی جا رہی تھی۔ذرائع کے مطابق انکوائری افسر بشیر کیس میں مطلوب مختلف بنکوں کے عملے سے بھی اپنے ٹاؤٹ کے ذریعے لاکھوں روپے رشوت مبینہ طور پر وصول کر چکا ہے۔ دوسری جانب یہ بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ ایف آئی اے کے متعدد اہلکاروں نے ایک فراڈ کمپنی پرپال کے متعدد ارکان کی گرفتاری کے دوران کروڑوں روپے کی مبینہ طور پر رشوت لی اور انہیں ریلیف فراہم کیا جبکہ بہاول پور شہر کے متعدد میڈیکل سٹورز پر غیر قانونی ادویات کی برآمدگی میں لاکھوں روپے کی رشوت وصول کی اور چھوٹے دکانداروں سے 3‘ 3 سو روپے لیکر بھی ملزمان کو چھوڑا اور یہی نہیں ایف آئی اے کے دفتر کے باہر روزانہ درجنوں شہری اپنی درخواستیں لیکر کھڑے رہتے ہیں مگر ایف آئی اے کے سرکل تھانہ بہاول پور کسی کو بھی اندر نہیں آنے دیتا اور شام گئے مبینہ مک مکا کے بعد باہر ہی لوگوں کو پکڑ کر روزانہ لاکھوں روپے کمانا شروع کر رکھا ہے۔ شہریوں نے وفاقی محتسب،وزیراعظم پاکستان اور وزرات داخلہ و دیگر متعلقہ حکام سے ایف آئی اے سرکل بہاول پور کیخلاف ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کرانے اور حقائق کو سامنے لانے اور ایف آئی اے کے کرپٹ افسران کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔