سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے بلدیاتی قانون ترمیم کا دوسرا اجلاس بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)

سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے بلدیاتی قانون ترمیم کا دوسرا اجلاس بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات و دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ، وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی، وزیر برائے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، نارکوٹکس، خوراک اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ، وزیر آب پاشی جام خان شورو، وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیرِ قانون اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، محکمۂ خزانہ اور محکمۂ قانون اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کی گئی آئینی پٹیشن پر معزز عدالت کے فیصلے کی روشنی اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے نتیجے میں سندھ بلدیاتی قانون میں ترامیم کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کمیٹی کے گزشتہ روز کےاجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا تھا کہ معزز عدالت کے فیصلے کی روشنی میں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ کئے گئے مذاکرات اور مشاورت کے بعد حاصل شدہ نکات کے تحت بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کی جائیں تاکہ معزز عدالت کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور سیاسی جماعتوں سے کی گئی مشاورت کی روشنی میں حاصل نکات کو ترامیم میں شامل کرکے وسیع تر مفاہمت کا حامل بلدیاتی قانون متعارف کیا جائے اور میئر، چیئرمین، میونسپل کمیٹیوں ، ٹاؤن کمیٹیوں کو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنایا جائے۔ بات چیت اور غور و فکر کے اسی سلسلے کو آج آگے بڑھاتے ہوئے کمیٹی نے تجویز کیا کہ معزز عدالت کے فیصلے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ کئے گئے مذاکرات کے نکات کو نئی قانون سازی کا حصہ بنایاجائے گا۔