امید ہے آسٹریلوی ٹیم ہمیں سیریز میں بھرپور ٹیسٹ کرے گی، رمیز راجا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ امید ہے آسٹریلوی ٹیم ہمیں سیریز میں بھرپور ٹیسٹ کرے گی، اس سے ہمیں اس کا اندازہ ہو گا کہ ہم کتنے پانی میں ہیں وہ کتنے پانی میں ہیں ۔
انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 برسوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ مجھے بڑی امید ہے کہ آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم پاکستان آئے گی اور یہاں اچھی کرکٹ ہو گی ہے، مہمان ٹیم ہمیں سیریز میں بھرپور ٹیسٹ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں بارہ برس سے کم عمر کے بچوں کو اجازت ملنے کی خوشی ہوئی ہے ، پی ایس ایل کا میلہ سجتا ہی بچوں کی وجہ سے ہے۔
رمیز راجا نے خوشی کا اظہار کیا کہ لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، اب تماشائیوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم آنا چاہیے اور میچز سے لطف اندوز ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی ایس ایل میں فینز کو اکٹھا کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، ہم فین پارک بھی بنانا چاہتے تھے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ کوویڈ کی پابندیوں کی وجہ سے اجازت نہیں ملی ۔
چیئرمین رمیز راجا نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کے لیے تیار کی جانے والی پچز کو مانیٹر کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پچز کے بہتر معیار پر زور دیتا ہوں، پچز بہتر ہوں گی تو کھیل کا معیار بہتر ہو گا اور ہماری ٹیم کو عظیم ٹیم بننے کا موقع ملے گا، اس لیے پچز کے معیار پر فوکس ہے۔