مختلف علاقوں میں تیز بارش

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی پر بادلوں کا راج ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے بوندا باندی پھر موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔
مختلف علاقوں میں کہیں بادلوں کا راج ہے اور کہیں سورج نکلا ہوا ہے جس کے باعث دھوپ چھاؤں کا کھیل جاری ہے۔
کراچی میں نارتھ کراچی، نیو کراچی، یو پی موڑ، ناگن چورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف، شارعِ فیصل، پرانی سبزی منڈی، پی ای سی ایچ سوسائٹی، بہادر آباد، شہید ملت، گلشنِ اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش اور بوندا باندی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ بارش کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار پھسل گئے۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق کمزور مغربی ہواؤں کی لہر ملک کے بالائی اور جنوب مشرقی بلوچستان اور سندھ سے گزر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی میں بادل ہیں، جن کے باعث شہر میں آج دوپہر تک بوندا باندی اور ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ شام میں شہر کا مطلع صاف ہونے کا امکان ہے،جبکہ 9 فروری کے بعد سے رات میں موسم سرد رہ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران رات میں درجۂ حرارت 12 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 17 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 15 سے 16 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ شہر میں مشرق کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے.
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں کہر اور ہلکی دھند کی وجہ سے صبح سویرے حد نگاہ 2 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

| | Virus-free. www.avast.com |