شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (زیبسٹ) انٹرمیڈیٹ کالیج لاڑکانہ میں سالانہ دو روزہ اسپورٹس ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،


لاڑکانہ۔ رپورٹ عاشق پٹھان============ شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (زیبسٹ) انٹرمیڈیٹ کالیج لاڑکانہ میں سالانہ دو روزہ اسپورٹس ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں زیبسٹ اسکولز اینڈ کالجز کی ڈائریکٹر لبنیٰ خالد نے مہمان خاص کے طور پر شرکت کی جبکہ پرنسپل کالیج فہیم سولنگی، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی کھیلوں میں حصہ لیا، کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر زیبسٹ لبنیٰ خالد کا کہنا تھا کہ درس و تدریس کے ساتھ جسمانی نشو نما کے لیے کھیل زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، بچپن میں فطری طور پر بچے کھیل کود کے شوقین ہوتے ہیں


جو سے ان کے اعضائے جسمانی کی ورزش، کردار سازی اور نفسیاتی تربیت میں مدد ہوتی رہتی ہے جو ان کی عملی زندگی میں بہتر نشو نما کا پیش خیمہ بنتی ہے تاکہ وہ صحت مند مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن بنا سکیں، کھیلوں سے بچے فٹ رہتے ہیں اور جس معاشرے میں کھیل آباد ہوں وہاں کے اسپتال ویران ہوتے ہیں، لبنیٰ خالد کا مزید کہنا تھا کہ آج معاشرے میں اکثر والدین شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کے بچے پڑھائی میں تیز نہیں تاہم ان بچوں کو تندرست چست ذہن کی ضرورت ہوتی ہے جو کھیلوں سے میسر ہو سکتے ہیں، انہوں نے زیبسٹ انتظامیہ لاڑکانہ کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں پر

مسرت کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کی شرکت کو خوب سراہا، اس موقع پر پریسپل زیبسٹ کا کہنا تھا کہ اکیڈمک اور فزیکل ایجوکیشن ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں جس طرح نصابی تعلیم ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہے ویسے ہی جسمانی تعلیم نوجوانوں میں نظم و نسق، احساس ذمہ داری اور قائدانہ صلاحیتوں کے لیے راہ ہموار کرتی ہے، اگر بچوں پر مسلسل صرف کتابوں کا بوجھ ڈالا جائے تو جلد بوریت محسوس کرنے


لگ جائیں گے لہذا ان کی توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھنے کے لیے بھی کھیل نہایت ضروری ہیں، کھیلوں میں زیبسٹ کے شاگردوں نے سامی، سچل، لطیف اور قلندر گروپز بنا کر دوڑ، کرکٹ، والی بال، جوڈو کراٹے، میوزیکل چیئر، ٹگ آف وار، بیڈ منٹن، واٹر ریس سمیت دیگر کھیلوں میں خوب حصہ لیا، جس میں مجموعی طور پر سامی گروپ کے شاگردوں نے بہترین کارکردگی دکھا کر پہلی جبکہ قلندرز نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جیتنے والے شاگردوں میں ڈائریکٹر زیبسٹ لبنیٰ خالد اور پرنسپل فہیم سولنگی نے ٹرافی، میڈلز اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں