کرونا کے علاج کے لئے چینی دوا کے کامیاب ٹرائیل کی تکمیل کا اعلان پیر کو ہوگا صوبائی وزیر ِ صحت سندھ ٹرائیل کی تکمیل کا اعلان کریں گی، پروفیسراقبال چوہدری کا جامعہ کراچی میں خطاب


کرونا کے علاج کے لئے چینی دوا کے کامیاب ٹرائیل کی تکمیل کا اعلان پیر کو ہوگا
صوبائی وزیر ِ صحت سندھ ٹرائیل کی تکمیل کا اعلان کریں گی، پروفیسراقبال چوہدری کا جامعہ کراچی میں خطاب
پاکستان میں ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن کا ٹرائیل انڈس اسپتال کراچی کے تعاون سے کیا گیا

کراچی: ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے سینٹر فار بائیوایکویلینس اسٹڈیز اینڈ کلینکل ریسرچ (سی بی ایس سی آر) کے تحت کویڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لئے ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن ’جن ہُوا قنجن گرینولس‘ کا پہلی مرتبہ کامیاب کیلنکل ٹرائیل کا اعلان پیر (17 جنوری) کی صبح بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران کیا جائے گا۔ صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی سندھ ڈاکٹر عزرا فضل پیچو اس کامیاب کیلنکل ٹرائیل کا اعلان کریں گی، پاکستان میں ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن کے ٹرائیل کا آغاز انڈس اسپتال کے تعاون سے کیا گیا تھا۔
یہ بات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جمعرات کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں کلینکل ریسرچ کے ماہرین کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا جن ہُوا قنجن گرینولس میڈیسن دراصل جوشیچنگ فارماسیوٹیکل کمپنی نے بنائی ہے جو چین میں کویڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لئے استعمال ہوئی تھی جبکہ اس دوا کی فائٹوکیمسٹری ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کلینکل ٹرائل کے عوامی اعلان کی تقریب پیر کو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں صبح گیارہ بجے منعقد ہوگی جس کا انعقاد وزارتِ صحت و بہبودِآبادی سندھ، کامسٹیک، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اور متعد چینی کمپنیوں کے اشتراک سے ہورہا ہے۔ اس تقریب میں صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی سندھ ڈاکٹر عزرا فضل پیچو، وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، پاکستان میں چین کے سفیر نانگ رونگ، چین میں پاکستان کے سفیرمعین الحق، سینٹر فار بائیوایکویلینس کے انچارج اور اس تحقیق کے پرنسپل محقق پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، چینی اسکالر ڈاکٹر یو ویمنگ اوردیگر چینی ماہرین بھی خطاب کریں گے۔

میڈیا ایڈوائرز