صوبائی سیکریٹری خیبر پختونخوا کا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا دورہ

صوبائی سیکریٹری خیبر پختونخوا کا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا دورہ
بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی سائینسی اور تحقیقی سرگرمیاں قابلِ تعریف ہیں،صوبائی سیکریٹری کا اجلاس سے خطاب
پروفیسر عطا الرحمن نے صوبائی سیکریٹری کی ادارے میں آمد کا خیر مقدم کیا، اور ادارے کی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا

کراچی:۔ خیبرپختونخوا کی وزارت برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکریٹری ڈاکٹرامبر علی خاں نے جمعرات کو پاکستان کے معروف تحقیقی ادارے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کا دورہ کیا، اور ادارے کے انفرااسٹرکچر اور یہاں کی سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن نے صوبائی سیکریٹری کی ادارے میں آمد کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر امبر علی خاں نے پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن اوردیگر آفیشل کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری کو ایک پریزینٹیشن کے دوران آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ہونے والے سائینسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر امبر علی خاں نے اجلاس میں بتایا کہ وہ اپنی وزارت میں امور کو بہتر طور پر سر انجام دینے کے لئے پروفیسر عطا الرحمن سے مشورے حاصل کرنے کے لئے کراچی آئے ہیں۔ پروفیسر عطا الرحمن نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی متعلقہ وزارت کو بالخصوص پانچ سائینسی میدانوں میں کام کرنا چاہیے جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلجنس، جدیدشعبہئ زراعت، معدنیات کی تیاری، توانائی کو محفوظ کرنے کے نظام جیسے بیٹری وغیرہ اور صنعتی بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ انہوں نے صوبائی سیکریٹری کو خیبرپختون خواہ کی جامعات میں آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کی طرز پر سینٹر آف ایکسیلینس بنانے کا مشور ہ بھی دیا، انہوں نے کہا آئی سی سی بی ایس ملکی سطح پر سب سے بڑے پی ایچ ڈی پروگرام کے ساتھ اس خطے کا سب جدا تحقیقی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ “یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ” کے منصب پر بھی فائز ہے۔ پروفیسر عطا الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے علمی معیشت کے تحت جاری متعدد پروجیکٹس سے ملک میں اعلیٰ تعلیم، سائینس اور ٹیکنالوجی میں نمایاں مثبت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ انہوں نے ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کی جانب سے صوبائی سیکریٹری کو تمام تر مدد و معاونت کا یقین دلایا۔ آخرمیں ڈاکٹرامبر علی خاں نے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، اور پروفیسر عطا الرحمن لیبارٹریز کا دورہ کیا، انہوں نے بین الاقوامی مرکز کی قومی خدمات اور صنعتوں کو دی جانے والی تحقیقی رہنمائی کی تعریف کی۔
میڈیا ایڈوائزر