آئی سی سی ایوارڈ کس کو ملنا چاہیے؟ شاہین شاہ آفریدی نے بتا دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )ایوارڈز 2021ء کے لیے پاکستان کے تین قومی کرکٹرز کی نامزدگیاں ہوئی ہیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر کے لیے بھی شارٹ لسٹ ہوئے ہیں جبکہ کپتان بابر اعظم ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایوارڈز کے لیے نام آنا اعزاز کی بات ہے، ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان کے لیے ہر فارمیٹ میں اچھا کروں اب جبکہ نام آیا ہے تو یہ پاکستان کے لیے نام آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوارڈ ملنا یا نہ ملنا میرے ہاتھ میں نہیں میرے ہاتھ میں پرفارمنس تھی جو دی، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک اچیومنٹ ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا خیال تھا کہ میرا ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کے لیے بھی نام آئے گا لیکن ایسا نہیں ہوا، اب میں اگلے برس کے لیے زیادہ محنت کروں گا تاکہ میرا نام اس کیٹیگری میں بھی آئے۔
فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایوارڈ کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان کا نام آنا بھی خوشی کی بات ہے، دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ برس بڑے تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا اور کئی سنگ میل عبور کیے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پلیئر آف دی ایئر میں محمد رضوان کو ایوارڈ ملنا چاہیے، مجھے اور زیادہ خوشی ہو گی کہ اگر انہیں یہ  ایوارڈ ملتا ہے کیونکہ انہوں نے سال بھر بہت شاندار پرفارم کیا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ شروع کر دی اور کہا کہ تین ہفتوں کے آرام کے بعد ٹریننگ کا آغاز کیا ہے، اس وقت بولنگ کے ساتھ بیٹنگ پر بھی فوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں تھوڑا وقت ہے، بھرپور ٹریننگ کروں گا، جس کا پی ایس ایل میں فائدہ ہوگا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں شاندار سہولیات ہیں، جہاں نوجوانوں کو فائدہ ہو رہا ہے، لاہور قلندرز نے ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور ٹریننگ کے لیے اچھا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دیگر فرنچائزز کو اسی طرز پر کام کرنا چاہیے۔