آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس اعزاز کی بات ہے میں فن و ثقافت کی خدمت کرنے والے ادارے کا چیئرمین ہوں، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس

اعزاز کی بات ہے میں فن و ثقافت کی خدمت کرنے والے ادارے کا چیئرمین ہوں، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن

14 سال سے ادیبوں اورآرٹسٹوں کی خدمت میں مصروف ہوں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

کراچی ( ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کاسالانہ جنرل باڈی اجلاس شہر کی بڑی سماجی و ثقافتی تقریب میں بدل گیا۔ معروف دانشور، شاعر، ادیب مصور اور فن کاروں کی کثیر تعداد جو آرٹس کونسل کے ممبران ہیں جنرل باڈی اجلاس سے قبل اور بعد باہمی ملاقات اور بات چیت میں مصروف رہے۔ جنرل باڈی اجلاس اوپن ایئر تھیڑ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا وقت ساڑھے چھ بجے مقرر کیا گیا تھا تاہم ممبران کی کثیر تعداد پانچ بجے سے پہلے ہی جمع ہونا شروع ہوگئی تھی حاضری رجسٹر پر پہلا دستخط ممبر گورننگ باڈی اور معروف براڈ کاسٹر نصرت حارث نے کیا۔ جس کے بعد باقاعدہ ممبران دستخط کے بعد ہال میں داخل ہوناشروع ہوگئے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سیکریٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور اراکین گورننگ باڈی کے ہمراہ آرٹس کونسل کے دروازے پر ایک ایک ممبر کو خوش آمدید کہنے میں مصروف ر ہے۔ اجلاس چھ بج کر بتیس منٹ پر شروع ہوا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ندیم ظفر نے چیئر مین آرٹس کونسل اور کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، ڈپٹی کمشنر ارشاد سودھر، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی، جوائنٹ سیکریٹری اسجد بخاری، قائم مقام خازن بشیر سدوزئی کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ اجلاس میں گزشتہ سال کی کارروائی اور آڈٹ رپورٹ کی منظوری سمیت ایجنڈے کو نمٹایا گیا۔ چیئرمین آرٹس کونسل کراچی و کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ملک میں فن و ثقافت کی خدمت کرنے والے سب سے بڑے ادارے کا چیئرمین ہوں جو ملک میں فنون لطیفہ کی ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس کوشش کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ کلچر کا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگ انگریزی پر توجہ زیادہ دے رہے ہیں۔ اگر ہمارے نوجوانوں اور بچوں کو اردو نہیں آئی تو بدقسمتی ہو گی۔ آرٹس کونسل اس کی ترقی کے لیے کوشاں ہے جو قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کو کم کرنے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ آرٹس کونسل اردو کے ساتھ علاقائی زبانوں کو بھی ساتھ لے کر چل رہی ہے جو بہت بڑی خدمت ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی جناح اور بانیان پاکستان کا اس ملک کے لیے ایک ویژن تھا۔ سازش کے ذریعے قوم کو مختلف گروپوں میں تقسیم کر کے ناکام کرنے کی کوشش کی گئی، اس کے باوجود آرٹسٹ اور ادیب کوشش کرتے رہے کہ قائد اعظم کے ویژن کی کامیابی ہو۔ میں آرٹس کونسل میں ملک کے بڑے بڑے نامور لوگوں کے تعاون سے گزشتہ 14 سال سے ان ادیبوں آرٹسٹوں کی خدمت میں مصروف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ قومی انٹرٹینمنٹ ایوراڈ کا اعلان ہوا جب کہ 15ویں عالمی اردو کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ممبران کو یہ تشویش ہے کہ اردو کانفرنس اسلام آباد چلی گئی،لیکن ایسا نہیں ان کراچی کے ساتھ ساتھ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی منعقد ہو گی۔

احمد شاہ نے ڈی سی ساؤتھ ارشاد سدھر کے بھرپور معاون کردار کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے خصوصی طور پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی شرکت اور سہولتوں کو سراہا۔