سنجے دت منا بھائی 3 بنانے کے خواہشمند

نامور بھارتی اداکار سنجے دت نے اپنی سپر ہٹ فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کا ایک اور سیکوئل بنانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کے 18 سال مکمل ہونے پر ناگپور میں مداحوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فلم کے تیسرے سیکوئل کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ فلم منا بھائی ایم بی بی ایس 2003 میں ریلیز ہوئی جس نے سنجے دت کے کیریئر کو چار چاند لگادیے۔

پہلی فلم کی کامیابی کے بعد جلد ہی دوسری فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ 2006 میں ریلیز ہوئی اور وہ بھی اتنی ہی کامیاب رہی۔

تاہم اب منا بھائی چاہتے ہیں کہ اس کی تیسری سیکوئل بھی بنائی جائے۔

سنجے دت کا کہنا تھا کہ میں فلم ساز راجکمار ہیرانی کو متعدد مرتبہ فلم بنانے کی درخواست کرکے تھک گیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ راجکمار ہیرانی بھی ناگپور سے ہیں تو میں آج لوگوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ فلم ساز پر منا بھائی 3 بنانے پر زور دیں۔