جاپانی قونصل جنرل کی با ہمی تجا رت کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی کو اپنے تعاون کی یقین دہانی

پر یس ریلیز
وفاق ایوانہا ئے تجا رت وصنعت پاکستان

جاپانی قونصل جنرل کی با ہمی تجا رت کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی کو اپنے تعاون کی یقین دہانی

کراچی(20 دسمبر2021) جاپان پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کو تعاون اور رہنما ئی فراہم کرے گا؛ یہ یقین دہانی جاپان کے قونصل جنرل Toshikazu Isomura نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کے جا پانی قونصلیٹ کے دورے کے موقع پر کروائی۔ملاقات کے دوران کمرشل سیکشن کی سربراہ Okamoto Yu بھی موجود تھیں۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد میں نائب صدر حنیف لاکھانی،کوآرڈینیٹر ہیڈ آفس کراچی سلطان رحمان،چیئرمین ایف پی سی سی آئی پاکستان جاپان بزنس کونسل (PJBC) رمیز ستاراور پیر اجلال زیدی و ارباز رمیز، ڈائریکٹرز PJBC شامل تھے۔ رمیز ستار نے قونصل جنرل کو پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی لانے کے لیے تفصیلی اور جامع تجاویز پیش کیں۔ انہو ں نے جاپانی تاجروں کے لیے مواقع اور پاکستانی مصنوعات کی جاپان کو برآمدات کے فروغ کے امکانات کی نشاندہی بھی کی۔ انہوں نے اعتماد سازی کے اقدامات کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے باہمی روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا؛ جس سے تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہوگا۔ انہوں نے پاکستانی فیشن برانڈز کے بے پناہ پوٹینشل اور اعلیٰ کوالٹی سے فائدہ اٹھانے کے لیے جاپانی کاروباری اداروں کے لیے پاکستانی برانڈز کی ورچوئل نمائش منعقد کرنے کی پیشکش بھی کی۔ حنیف لاکھانی نے یاد دلایا کہ پاکستان کو 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں جاپانی تعاون سے کافی معاشی فائدہ حاصل ہوا اور انہوں نے قونصل جنرل سے درخواست کی کہ وہ باہمی فوائد کے حصول کے لیے جاپان پاکستان تعاون کو دوبارہ فعال کریں۔ سلطان رحمان نے جا پانی قونصل جنرل کو صدر ایف پی سی سی آئی کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ انہوں نے قونصل جنرل کو بتایا کہ پاکستان کی تاجر برادری دونوں ممالک کے درمیان جلد از جلد اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے تیار اور بے تاب ہے۔مزید برآں،ایف پی سی سی آئی بھی اپنے پلیٹ فارم سے اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے قونصل جنرل سے درخواست کی کہ وہ اس سلسلے میں ایف پی سی سی آئی کو سہولت اور تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے قونصل جنرل سے یہ بھی درخواست کی کہ وہJETRO کو دوبارہ سے ایک فعال کردار ادا کرنے کے لیے آمادہ کریں؛کیونکہ اس ادارے نے ماضی میں بھی بہت اہم اور سود مند کردار ادا کیا تھا۔اس موقع پر جاپان کے قونصل جنرل نے ایف پی سی سی آئی کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنے مکمل تعاون اورسپورٹ کا یقین دلایا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہJETRO کے سربراہ کے پاکستان آنے پر ایک اور میٹنگ منعقد کی جائے؛ تاکہ انہیں بھی آن بورڈ لیا جا سکے۔

بریگیڈیئر افتخار اوپل، ایس آئی (ایم)، ریٹائرڈ
سیکرٹری جنرل