ضلعی انتظامیہ قصور کے افسران مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام،اشیائے خوردونوش میں خود ساختہ اضافے نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں

قصور (میاں خلیل صدیق آرائیں سے )ضلعی انتظامیہ  قصور کے افسران  مصنوعی  مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام،اشیائے خوردونوش میں خود ساختہ اضافے نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں، وزیرا علیٰ پنجاب سے نوٹس کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور دکاندار من مرضی کے ریٹس وصول کررہے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام خود ساختہ مہنگائی سے پریشان ہیں اور اعلیٰ حکام سے مہنگائی کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دینے کی دہائیاں دے رہے ہیں۔ روز مرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ سمیت باتھ صابن کے ریٹس میں پانچ سے دس روپے کا اضافہ۔مختلف برانڈز کے باتھ سوپ، کپڑے دھونے کا صابن اور سرف کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا۔ باتھ صابن کے ریٹس میں پانچ سے دس روپے کا اضافہ ہوا۔ چھوٹا باتھ صابن 35 روپے سے 46 روپے اور بڑا باتھ صابن 40 روپے سے پچاس روپے کا ہو گیا۔معیاری باتھ سوپ 72 سے 80 روپے کا ہو گیا، کپڑے دھونے کا صابن بھی تیس سے چالیس روپے کلو بڑھ گیا۔ کپڑے دھونے کامعیاری صابن 260 روپے سے 300 روپے کلو کر دیا گیا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار فوری نوٹس لیں اور مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو ریلیف مہیا کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے موقف  اختیار کیا ھے کہ افسران  گرانفروشی کے خاتمہ کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر ضلع بھر میں کاروائیاں  جاری رکھے ھوئے ہیں