چارجڈ پارکنگ کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ جنوبی نے جواب جمع کروادیا

موٹر سائیکل فیس 10روپے جبکہ گاڑی کی پارکنگ فیس 20 ہے‘ ڈائریکٹر پارکنگ جنوبی
ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ درخواست گزار احمد دائود

کراچی (اسٹاف رپورٹر) غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور اضافی فیس وصولی کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، درخواست گزار چیئر مین گلوبل فائونڈیشن محمد احمد دائود نے یہ موئوقف اختیار کیا تھا کہ شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ اور اضافی چارجڈ پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے۔ شہریوں سے زبردستی کا بھتہ لیا جارہا ہے۔ گلی، سڑک، شاپنگ مال، مارکیٹیں اور اسپتال کے باہر بھی پارکنگ مافیا قابض ہے۔ موٹر سائیکل پارکنگ فیس 10روپے کے بجائے 20 روپے جبکہ کار کی پارکنگ فیس 20روپے کے بجائے 30روپے تا 100روپے وصول کیا جارہی ہے۔ جس پر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ جنوبی کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ لوکل کونسل کے نوٹی فیشکشن کے مطابق پارکنگ فیس طے کی گئی ہے۔موٹر سائیکل کی ایک دن پارکنگ فیس 10 روپے ہے کار ہائی روف رکشہ فیس 20 روپے ،ہائی ایس ڈاٹسن کی پارکنگ فیس 30 روپے،مزدا کوچ کی پارکنگ فیس 50 روپے اور بس،ٹرک کی پارکنگ فیس 100 روپے مقرر ہے۔ پارکنگ فیس اکھٹی کرنے کے لئے پرائیویٹ ٹھیکدار رکھے جاتے ہیں،ڈی ایم سی اسٹاف پارکنگ سائٹس کا آکشن کرتا ہے۔ ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے کہا کہ درخواست گزار نے زائد پارکنگ فیس وصولی کے کوئی شواہد پیش نہیں کئے ہیں۔عوام کی خدمت کے لیے کھلی جگہوں،روڈ سائیڈز،شاپنگ مالز کے پیچھے دیگر کمرشل ایریاز میں ٹھیکداروں کے ذریعے پارکنگ فیس وصول کی جاتی ہے۔سڑک پر صرف سنگل پارکنگ کی اجازات ہے ڈی ایم سی اور ٹریفک پولیس وقتا فوقتا چیک کرتا رہتا ہے،تمام پارکنگ فیس ڈی ایم سی کے خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے۔درخواست گزار کی جانب سے پیش کی گئی پارکنگ فیس کی پرچیاں جعلی ہیں جن کا ڈی ایم سی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ڈی ایم سی لوگوں کی سہولت کے پارکنگ ایریا میں گاڑی کھڑی کرنے میں مدد کرتی ہے،صرف ذمہ دار کنٹریکٹر کے عملے کو ہی پارکنگ فیس وصول کرنے کا اختیار ہے۔ڈی ایم سی کا مقصد عوام کی خدمت اور حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے، ڈی ایم سی ساوتھ کسی کو سیاسی بنیاد پر کوئی فائدہ نہیں دیتی ہے،عدالت نے درخواست گزار کو ڈی ایم سی ساوتھ کے جواب پر جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار احمد دائود نے کہا ہے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ جنوبی عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ شہر میں رہنے والا ہر فرد یہ جانتا ہے کہ پارکنگ فیس شہریوں سے کتنی وصول کی جاتی ہے۔ مختلف مقامات پر تو پرچی بھی نہیں دی جاتی ہے۔ الیکٹرونک میڈیا، پرنٹ میڈیا کئی بار اس کی نشاندہی کرچکا ہے۔