عائزہ خان سے بہت کچھ سیکھا ہے، ایمن سلیم

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ایمن سلیم اپنی ساتھی اداکارہ عائزہ خان کے پیشہ ورانہ انداز کی مداح ہوگئی ہیں۔

ایمن سلیم نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ عائزہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’عائزہ سیٹس پر بہت منظم نظر آتی ہیں اور وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ کیا کرنا ہے‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ’ انہوں نے عائزہ سے بہت کچھ سیکھا ہے، وہ پہلے بھی کئی بار کہہ چکی ہیں کہ عائزہ ایک بہت منظم اداکارہ ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ’وہ جب بھی سیٹ پر پہنچتی ہیں، انہیں معلوم ہوتا تھا کہ وہ کیا پہننے والی ہیں، کون سے زیورات کس لباس کے ساتھ اچھے لگیں گے‘۔

ایمن سلیم نے بتایا کہ’ اب ماشاءاللّٰہ وہ ایک اور پراجیکٹ کر رہی ہیں اور اسے کرنے کے لیےان کا طریقہ بالکل مختلف ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ان کےلیے عائزہ خان مثال ہیں، جن سے وہ سیکھ رہی ہیں کہ انڈسٹری میں آ گے کیسے بڑھنا ہے‘۔

واضح رہے کہ ایمن سلیم اور ان کے ساتھی اداکار ارسلان نصیر کو رمضان میں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے خصوصی ڈرامے ’چُپکے چُپکے‘ سے کافی شہرت حاصل ہوئی ہے اور ان دونوں کو ایک ساتھ خوب پسند بھی کیا گیا ہے۔
دونوں فنکاروں نے صرف ایک ہی ڈرامے میں اداکاری سے اپنی دلچسپ ڈائیلاگ ڈیلیوری اور جاندار اداکاری کے بل بوتے پر شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔