بیٹنگ کوچ کی کمی محسوس ہوتی ہے، بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ کی کمی محسوس ہوتی ہے، ٹیسٹ سیریز میں بیٹنگ کوچ ہونا چاہئے تھا لیکن یہ فیصلہ پی سی بی کا ہے۔

چٹاگانگ میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز اہم ہے، جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیسٹ ٹیم اچھی ہے، اس مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنا تاثر ڈالیں گے۔

بابر اعظم نے کہاکہ بنگلادیش کو ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں لے سکتے،یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں ان مشکل کنڈیشنز میں سیٹ ہونے میں وقت لینا پڑتا ہے ۔

کپتان قومی ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں فوکس ہونا پڑے گا اورتحمل کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹائم کم ملا ہے ہم کئی ماہ سے وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اب ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں سوئچ ہونا ہےلیکن ہم پروفیشنل ہیں جلد سوئچ ہونا پڑے گا۔

بابر کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں ہے کہ ہر سیریز میں مجھے ہی رنز کرنا ہیں دوسرے بیٹسمین بھی ہیں انہوں نے بھی ذمہ داری لی ہے ، کوشش ہوگی ٹیسٹ سیریز میں اچھا کروں۔

اسپنرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کپتان نے بتایا کہ ہمیں ٹیسٹ میں فائدہ دیں گے یہ ٹاپ کے اسپنرز ہیں، ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی ڈومیسٹک سیزن کھیلتے ہوئے آئے ہیں۔

بابر اعظم نے پچ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ یہاں بھی ویسی ہی پچ ہے جیسی یہاں پر پچز ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ بنگلا دیش کے سینئر کھلاڑی نہیں ہیں لیکن پھر بھی بنگلا دیش کو آسان نہیں لیں گے، ہماری بیٹنگ لائن اپ تجربہ کار ہے اسپنرز کو اچھا کھیلیں گے، مجھے اعتماد ہے کہ ہم سیریز میں اچھا کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ فتح حاصل کی اور اب دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا کل سے آغاز ہو رہا ہے۔