عارفین خان کو آریان خان کا اتالیق مقرر کیے جانے کا امکان، زندگی کے طور طریقے سکھائیں گے

بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ کے بیٹے آریان خان جو حال ہی میں ایک بڑے تنازع سے نکلے ہیں اور ان کی ممبئی کروز ڈرگ کیس میں گزشتہ ماہ ضمانت ہوئی ہے۔

اب ان کے بارے میں اطلاع ملی ہے کہ اس بات کا امکان ہے آریان خان معروف لائف کوچ عارفین خان سے مدد طلب کریں۔
واضح رہے کہ منشیات کیس میں آریان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اکتوبر کے اوائل میں ممبئی کے ساحل پر گوا جانے والے ایک لنگر انداز جہاز سے گرفتار کیا تھا اور ان کی بمشکل ضمانت منظور ہوئی ہے۔

اس صورتحال کے بعد سے آریان خان پس منظر میں اپنے شب و روز گزار رہے ہیں۔ ایسے میں کہا جارہا ہے کہ اب وہ زندگی گزارنے کے طور طریقوں کے بارے میں عارفین خان سے مدد و مشاورت لیں گے۔ یعنی عارفین اب ان کے اتالیق ہوں گے۔
واضح رہے کہ عارفین خان نے نمایاں حیثیت اس وقت حاصل کی تھی جب وہ دھوم ٹو کے اسٹار ریتک روشن کے اتالیق (مینٹور) مقرر ہوئے تھے۔ تاہم اس حوالے سے شاہ رخ خان اور گوری خان نے نہ تو اس بات کی تصدیق کی اور نہ ہی اسکی تردید کی ہے۔