بنگلادیشی کرکٹر محمود اللّٰہ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا

بنگلادیشی کرکٹر محمود اللّٰہ نے پاکستان سے سیریز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

محمود اللّٰہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا سفر شاندار رہا، اپنے ڈیبیو اور آخری ٹیسٹ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

بنگلادیشی کرکٹر نے مزید کہا کہ اپنی ٹیم کے ساتھیوں، کوچز اور کرکٹ بورڈ کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

35 سالہ محموداللّٰہ نے 2009 سے 2021 کے دوران 50 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی اور 5 سنچریوں اور 16 نصف سنچریوں کی بدولت 2914 رنز بنائے۔

انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے خلاف 2،2 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 1 سنچری اسکور کی، 150 ناٹ آؤٹ اُن کا بہترین انفرادی اسکور رہا۔

محمود اللّٰہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ کی اور 43 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور اُن کی بہترین بولنگ ویسٹ انڈیز کے خلاف 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہیں۔