،یونائٹیڈ بزنس گرو پ کے رہنما حاجی عرفان یوسف ایف پی سی سی آئی الیکشن میں اپنے گروپ یو بی جی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے

کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے سابق نائب صدراور سابق ریجنل چیئرمین،یونائٹیڈ بزنس گرو پ کے رہنما حاجی عرفان یوسف ایف پی سی سی آئی الیکشن میں اپنے گروپ یو بی جی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے۔حاجی عرفان یوسف پنجاب کی بزنس کمیونٹی میں بے حد مقبول ہیں اور وہ کینیڈا سے لاہور پہنچتے ہی ایئرپورٹ سے براہ راست یو بی جی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں چیئرمین یونائٹیڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی اوربے حد فعال دکھائی دیئے۔اس موقع پر حاجی عرفان یوسف نے بتایا کہ یو بی جی کی قیادت نے فیڈریشن الیکشن کیلئے صدارتی امیدوارڈاکٹر نعمان بٹ،سینئرنائب صدر کے امیدوارمحمدحنیف گوہر،پنجاب کے چیمبر کے کوٹے پر نائب صدر کیلئے قاضی اکبر،پنجاب ایسوسی ایشنزکے کوٹے پرڈاکٹر سجاد ارشد،کے پی کے سے ملک نیاز احمدسندھ سے شباب احمد اور دانش خان،خواتین کی سیٹ پر کے پی کے سے محترمہ رخسانہ نادر کو نامزد کردیا گیا ہے اور مزید امیدواروں کے ناموں کا اعلان آئندہ تین چار روز میں کردیا جائے گا ۔حاجی عرفان یوسف نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری 30دسمبر کو فیڈریشن چیمبر الیکشن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے امیدواروں کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ کاسٹ کرے گی کیونکہ فیڈریشن کا ووٹر یہ بخوبی جانتا ہے کہ انکے مسائل افتخار علی ملک،ایس ایم منیر اور زبیرطفیل کی قیادت میں یو بی جی کے عہدیداران ہی حل کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب فیڈریشن میں دھاندلی نہیں بلکہ ووٹرز کی طاقت چلے گی اورکسی میں ہمت نہ ہوگی کہ وہ یو بی جی کا مینڈیٹ چرا سکے۔